جاپان میں گرمی کی شدت سے نمٹنے کے لیے پنکھے والی جیکٹ
جاپان میں گرمی کی شدت سے نمٹنے کے لیے پنکھے والی جیکٹ
جمعہ 18 اگست 2023 17:54
پنکھے والی جیکٹس کی قیمت 82 سے 164 ڈالر کے درمیان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
جاپانی کمپنیوں نے شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے ایسی جیکٹس تیار کرنا شروع کر دی ہیں جن کے اندر ہی پنکھے نصب ہیں جبکہ ایسی ٹی شرٹس بھی بنانا شروع کر دی ہیں جنہیں پہن کر ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دیگر ممالک کی طرح جاپان کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے، جبکہ رواں سال کا جولائی ایک سو سالوں میں گرم ترین مہینہ تھا جس میں 53 افراد ہیٹ سٹروک کے باعث ہلاک ہوئے جبکہ 50 ہزار کو طبی امدام کی ضرورت پڑی۔
مزدوروں کے لیے لباس بنانے والی کمپنی ورک مین نے سال 2020 میں پنکھے والی جیکٹ لانچ کی تھی۔
انتہائی سادہ طریقہ کار اپناتے ہوئے یہ جیکٹ تیار کی گئی ہے۔ اس جیکٹ میں ہتھیلی کے سائز کے دو پنکھے نصب کیے گئے ہیں جو ریچارجیبل بیٹری سے چلتے ہیں۔
ان جیکٹس کی قیمت 82 سے 164 ڈالر کے درمیان ہے۔
ورک مین کے ترجمان یاوا سوزوکی نے اے ایف پی کو بتایا کہ جیسے گھر کے اندر پنکھے میں بیٹھے ہوئے ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے اسی طرح سے یہ جیکٹ پہن کر بھی ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے کیونکہ آپ کے جسم کو مسلسل ہوا لگ رہی ہوتی ہے۔
عام طور پر جاپان میں موسم گرما بہت زیادہ گرم اور آب و ہوا میں بہت زیادہ نمی پائی جاتی ہے لیکن یہ جولائی قدرے زیادہ گرم رہا۔ اس دوران اوسطاً درجہ حرارت 28.7 سیلسیئس تھا جو سنہ 1875 کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موناکو کے بعد جاپان میں عمر رسیدہ افراد کی آبادی سب سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ہیٹ سٹروک بھی جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
گزشتہ پانچ سال کے دوران جاپان میں گرمی کے باعث ہونے والی اموات میں 80 فیصد سے زائد عمر رسیدہ افراد تھے۔
ایم آئی کری ایشنز نامی جاپانی کمپنی ایسی ٹیوبز بھی تیار کر رہی ہے جو ٹھنڈی رہتی ہیں اور گردن کے گرد ڈالی جا سکتی ہیں۔
یہ ٹیوب فرج میں بیس منٹ کے لیے رکھنے سے اس قدر ٹھندی ہو جاتی ہے کہ گردن کے گرد پہننے سے سارے جسم کے درجہ حرارت کو تقریباً ایک گھنٹے کے لیے ٹھنڈا رکھے گی۔
لبرٹا نامی ایک اور جاپانی کمپنی اپنے کپڑوں میں ایسے پرنٹس کا استعمال کر رہی ہے جو پہننے سے ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے۔
ان پرٹنس میں زائلاٹول جیسا مواد استعمال ہوتا ہے جو پانی یا پسینے کے ساتھ ملنے کی صورت میں ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔