ایتھلیٹس کا ریس کے اختتام پر زندگی کا نیا سفر شروع کرنے کا فیصلہ
جمعرات 24 اگست 2023 18:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دونوں ایتھلیٹس کا تعلق سلوواکیہ سے ہے۔ (فوٹو: سی این این)
ڈومینِک سرنی اور حانا بُرزالوا اپنے ملک سلوواکیہ سے ہنگری کے شہر بوڈاپیسٹ ’ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ‘ میں حصہ لینے گئے تھے لیکن وہ وہاں کوئی میڈل نہیں جیت سکے۔
بوڈاپیسٹ کے گراؤنڈ میں خواتین اور مردوں کی ریس ایک ہی وقت منعقد ہوئی۔ مردوں کی ریس میں ڈومینِک سرنی 19 ویں نمبر پر آئے اور حانا بُرزالوا خواتین کی ریس میں 28 ویں نمبر پر رہیں۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق دونوں ایتھلیٹس کی ناکامیاں اس وقت خوشی کے لمحے میں تبدیل ہوگئیں جب فِنش لائن پر ڈومینِک سرنی ایک گھٹنہ زمین پر رکھے حانا بُرزالوا کا انتظار کرتے ہوئے پائے گئے۔
جیسے ہی حانا بُرزالوا ریس کے اختتام پر وہاں پہنچیں تو انہوں نے ڈومینِک سرنی کو ہاتھ میں ایک انگوٹھی تھامے ہوئے دیکھا اور اگلے چند ہی لمحوں میں مرد ایتھلیٹ نے اپنی ہم وطن ایتھلیٹ کو شادی کی پیش کش کردی۔
تھکی ہوئی حانا بُرزالوا نے ڈومینک سرنی کی پیشکس کا جواب ہاں میں دیا جس کے بعد مرد ایتھلیٹ نے انہیں انگوٹھی پہنا دی۔
کیمروں نے جب اس جوڑی کا پیچھا کیا تو معلوم ہوا کہ حانا بُرزالوا نے گراؤنڈ سے پویلین تک کا سفر ڈومینِک سرنی کے ہاتھوں میں کیا۔