قذافی سے لاکھوں ڈالر حاصل کرنے پر سابق فرانسیسی صدر کے خلاف مقدمہ
نکولس سرکوزی نے 2007 میں صدر بننے کے بعد معمر قذافی کو فرانس میں مدعو کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فرانسیسی عدالت نے 2007 کی صدارتی مہم کے لیے لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی حکومت سے لاکھوں ڈالر کی غیرقانونی رقم وصول کرنے پر سابق صدر نکولس سرکوزی کے خلاف مقدمہ چلانے کا حکم دیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیشنل فنانشل پراسیکیوٹر جین فرینکوئس نے جمعے کو اعلان کیا کہ ایک دہائی سے جاری تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں اور ٹرائل جنوری سے اپریل 2025 تک ہوگا۔
نکولس سرکوزی کو کرپشن کے کئی کیسز کا سامنا ہے جن میں سے دو میں انہیں سزا بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے تمام کیسز میں صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔
لیبیا کے کیس میں انہیں غبن، کرپشن اور صدارتی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ اس کیس میں وہ 2013 سے زیرتفتیش ہیں۔ تفتیش کاروں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ 2007 میں نکولس سرکوزی کو الیکشن مہم کے لیے معمر قذافی کی حکومت نے خفیہ طور پر پانچ کروڑ یورو دیے، اور یہ رقم اس وقت الیکشن مہم کے لیے مقرر کی گئی حد سے زیادہ تھی۔
نکولس سرکوزی نے 2007 میں صدر بننے کے بعد معمر قذافی کو فرانس میں مدعو بھی کیا تھا، تاہم 2011 میں سرکوزی نے نیٹو کے لیبیا پر فضائی حملوں میں فرانس کو فرنٹ لائن پر رکھا تھا جس کے بعد باغیوں نے معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
نکولس سرکوزی کو ایک اور کیس میں 2012 کی الیکشن مہم میں غیرقانونی فنانسنگ حاصل کرنے پر ایک سال کے لیے گھر میں نظربند کرنے کی سزا دی گئی تھی۔
رواں برس انہیں ایک اور کرپشن کیس میں ایک سال کے لیے گھر میں نظربند کرنے کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن اپیل کے بعد ہائی کورٹ نے اسے معطل کر دیا تھا۔