روہت شرما ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ کیسے کریں گے؟
روہت شرما ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ کیسے کریں گے؟
اتوار 27 اگست 2023 19:09
شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما کو 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں صفر پر آؤٹ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچوں کی آمد آمد ہے جس کے لیے دونوں ٹیموں نے تیاریوں کا آغاز کر رکھا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے میچوں سے قبل ہمیشہ پاکستانی بولرز اور انڈیا کے بیٹرز کا موازنہ کیا جاتا ہے۔رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان چار ون ڈے میچز ممکن ہیں۔
اگر پاکستان اور انڈیا کے میچوں میں اہم کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو اُن میں گرین شرٹس کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما کے درمیان مقابلے کی بات سہرفہرست ہے۔
روہت شرما اور شاہین شاہ آفریدی اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر تین مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں پاکستانی پیسر انہیں صرف ایک مرتبہ آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اگر ون ڈے فارمیٹ کی بات کی جائے تو اُس میں دونوں سپرسٹارزآخری مرتبہ 2018 کے ایشیا کپ میں آمنے سامنے آئے تھے۔
روہت شرما کا میگا ایونٹس میں بائیں ہاتھ کے بولروں کے خلاف ریکارڈ اتنا اچھا نہیں ہے۔
اگر 2016 کے ایشیا کپ، 2017 کی آئی سی سی چیمپینز ٹرافی، 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ اور 2021 کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی بات کی جائے تو اُس میں روہت شرما بالترتیب محمد عامر، ٹرینٹ بولٹ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہو چکے ہیں۔
ان چاروں میچز میں بائیں ہاتھ کے بولرز کے خلاف انہوں نے صرف ایک رن بنایا ہے جبکہ تین مرتبہ وہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کے خلاف کھیلنے کے لیے روہت شرما ایشیا کپ سے قبل بھرپور نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں انڈین سپورٹس چینل سٹار سپورٹس نے انڈیا کی ٹیم کے پریکٹس سیشن کی ویڈیو یوٹیوب پر اپلوڈ کی ہے جس میں روہت شرما کو بائیں ہاتھ کے دراز قد بولر انیکت چودھری کے خلاف بیٹنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سٹار سپورٹس کے رپورٹر نے بتایا کہ روہت شرما پریکٹس سیشن میں انیکت چودھری کی بولنگ پر اس وجہ سے بیٹنگ کر رہے ہیں کیونکہ انڈیا کا ایشیا کپ میں پہلا میچ پاکستان کے خلاف ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انڈین کپتان پریکٹس سیشن کے دوران بولروں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ انہیں کہاں پر بولنگ کرنی چاہیے اور کہاں پر نہیں کرنی چاہیے۔ وہ دو دن سے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کے سابق کھلاڑی سنجے بنگر نے روہت شرما کو شاہین شاہ آفریدی کے خلاف مڈ آف اور مڈ آن کے حصے میں کھیلنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب سنہ 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد سے لے کر اب تک روہت شرما 18 اننگز میں پانچ مرتبہ پہلی پاور پلے میں آؤٹ ہو چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی تب سے لے اب تک 20 اننگز میں 29 مرتبہ دائیں ہاتھ کے بیٹرز کو پویلین روانہ کر چکے ہیں جس میں 10 مرتبہ وہ پاورپلے میں وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔