Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی کا نام نہیں لوں گا، تنازع ہوجاتا ہے،روہت شرما کا پاکستانی بولرز کے بارے میں بیان

خیال رہے رواں برس ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ کا ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ وہ کسی ایک اچھے پاکستانی بولر کا نام نہیں لیں گے کیونکہ اس سے بہت بڑا تنازع کھڑا ہو جاتا ہے تاہم پاکستان کے سب ہی بولر اچھے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روہت شرما کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
روہت شرما سے جب ایک صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ ’پاکستان ٹیم میں آپ کو سب سے مشکل بولر کون لگ رہا ہے؟‘
اس کے جواب میں انڈین کپتان نے کہا کہ ’پاکستان کی ٹیم میں سب اچھے بولر ہیں، میں کسی کا نام نہیں لوں گا بھائی، بہت بڑا بڑا تنازع کھڑا ہو جاتا ہے، ایک کا نام لیتے ہیں تو دوسرے کو اچھا نہیں لگتا، دوسرے کا نام لوں گا تو تیسرے کو اچھا نہیں لگے گا، سب اچھے کھلاڑی ہیں۔‘
 
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب روہت شرما یہ بات کرتے ہیں تو اُن کے سامنے بیٹھے تمام افراد سمیت اُن کی اہلیہ رِیتیکا ساجدے بھی خوب ہنستی ہوئی نظر آتی ہیں۔
رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار ون ڈے میچز ہونے کا امکان ہے۔ 
پاکستان اور انڈیا دو ستمبر کو ایشیا کپ میں سری لنکا کے شہر کینڈی میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ اس کے بعد اگر یہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے اگلے راؤںڈ میں کوالیفائی کرتی ہیں تو 10 ستمبر کو ایک مرتبہ پھر سے کرکٹ شائقین دونوں روایتی حریفوں کو آپس میں کھیلتا دیکھیں گے۔ اس کے بعد اگر دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچتی ہیں تو تب یہ ایک مہینے میں روایتی حریفوں کے درمیان تیسرا میچ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں بھی شیڈول ہے۔
خیال رہے رواں برس ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ کا ہوگا جس کی میزبانی آفیشل طور پر پاکستان کے پاس ہے۔ ایشیا کپ کا پہلا میچ 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔

شیئر: