Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حارث رؤف کی پانچ وکٹیں، پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز سے ہرا دیا

افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی ہے۔
منگل کے روز ہمبنٹوٹا میں جاری پہلے ون ڈے میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 201 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
 
پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 61، شاداب خان نے 39 اور افتخار احمد نے 30 رنز بنائے۔
افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے مجیب الرحمان نے تین، محمد نبی نے دو، راشد خان نے بھی دو جبکہ فضل الحق فاروقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اگر پاکستان کی اننگز کی بات کی جائے تو گرین شرٹس کا آغاز نہایت مایوس کُن رہا۔
پاکستان نے پہلے ہی اوور میں تین کے مجموعی سکور پر فخر زمان کی وکٹ گنوا دی۔
اس کے بعد اگلے ہی اوور میں کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان 40 کے مجموعی سکور پر ہوا جب محمد رضوان بھی مجیب الرحمان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 62 رنز پر گری جب آغا سلمان سات کے انفرادی سکور پر راشد خان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پانچویں وکٹ کے لیے افتخار احمد اور امام الحق کے درمیان 50 رنز کی شراکت دیکھنے میں آئی جس کے بعد افتخار احمد 112 کے ٹیم سکور پر محمد نبی کی گیند پر کپتان حشمت اللہ شہیدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد گرنے والی وکٹ امام الحق کی تھی جو 61 کے انفرادی سکور پر محمد نبی کی گیند پر راشد خان کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ اُسامہ میر کی صورت میں گری جب وہ 160 کے ٹیم سکور پر پویلین روانہ ہوگئے۔
اس کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو 163 رنز پر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نویں وکٹ کے لیے شاداب خان اور نسیم شاہ کے درمیان 34 رنز کی اہم شراکت دیکھنے میں آئی تاہم شاداب خان 39 کے سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ 201 کے مجموعی سکور پر گری جب حارث رؤف صرف ایک رن بنا کر رحمت شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان کی ٹیم پاکستانی شاہینوں کا مقابلہ نہ کر سکی اور 19.2 اوورز میں صرف 59 رنز بنا کر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
افغانستان کے پانچ بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سب سے زیادہ 18 رنز رحمان اللہ گرباز نے بنائے، جبکہ عظمت اللہ عمرزئی 16 رنز ہی بنا سکے۔
ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 10 سے زیادہ رنز نہ بنا سکا اور یکے بعد دیگرے پاکستانی بولرز کا شکار بنتے گئے۔
حارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے دو، جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
 

شیئر: