پرمٹ کے بغیر موسمی پیشگوئی اور تجزیے دینا جرم، پانچ لاکھ ریال تک جرمانہ
خلاف ورزی کی سنگینی کے لحاظ سے کم یا زیادہ جرمانہ رکھا گیا ہے ( فوٹو: الوطن)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے موسمیات کے قانون اور لائحہ عمل پر نظرثانی کرکے مختلف خلاف ورزیوں اور سزاؤں کا چارٹ جاری کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق قومی مرکز نے نئے نظام میں متعدد خلاف ورزیاں تجویز کی ہیں۔ ان میں سے کچھ سنگین اور دیگر معمولی نوعیت کی ہیں۔ ہر خلاف ورزی پر کم یا زیادہ جرمانہ رکھا گیا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ رائج الوقت نظام کے اس متن میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی جس میں کہا گیا کہ موسمیاتی امور سے متعلق بیان قومی سلامتی کا حصہ ہے‘۔
’وہی ادارہ بیان جاری کرنے کا مجاز ہے جسے سرکاری طور پر یہ ذمہ داری دی گئی ۔ اس کی خلاف ورزی پر دس برس قید اور بیس لاکھ ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ ان دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر اکتفا کیا جاسکتا ہے‘۔
نئے نظام میں کئی سنگین خلاف ورزیاں تجویز کی گئی ہیں۔ ایک یہ ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے پرمٹ لیے بغیر موسمیات کے بارے میں کسی قسم کی سرگرمی قابل سزا عمل ہے۔ اس پر کم از کم پانچ ہزار سے پانچ لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہے۔ جرمانے کی مقدار خلاف ورزی کے دائرے اور حجم سے طے ہوگی۔
علاوہ ازیں اگر خلاف ورزی کرنے والے نے موسم کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہو تو ایسی صورت میں اس انتباہ سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ بھی اس سے وصول کیا جائے گا۔
سنگین خلاف ورزیوں میں پرمٹ کے بغیر موسمیاتی امور کی سروس فراہم کرنا، اپنے طور پر موسمیاتی انتباہ جاری کرنا قابل ذکر ہیں۔