سعودی عرب میں گرمی گزشتہ برس کے مقابلے میں کم: قومی مرکز برائے موسمیات
ہفتہ 29 جولائی 2023 18:34
قومی مرکز کا کہنا ہے گرمی کی شدت کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ ’اگرچہ اس سال مملکت کے بعض علاقوں میں سایہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا اس کے باوجود گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال گرمی نسبتا کم ہے‘۔
حسین القحطانی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ اس سال گرمی خشک اور زیادہ تھی تاہم گزشتہ برس کے مقابلے میں درجہ حرارت کم ہے‘۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے کہا گیا کہ’ مملکت کے مشرقی اوروسطی علاقوں میں گرمی کی شدت کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ مکہ مکرمہ ریجن میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ جازان اورعسیر ریجن کے بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔