Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب انڈیا کو سالانہ ایک لاکھ ٹن پیٹرو کیمیکلز برآمد کرے گا

پیٹرو کیمیکلز کی تجارت کا حجم 9.13 بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے الشرقیہ چیمبر میں انڈیا اور مشرقی ایشیائی ممالک کو سالانہ ایک لاکھ  ٹن سے زیادہ زرعی اور صنعتی سلفر برآمد کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق زرعی پیٹرو کیمیکلز اور کھاد کے لیے مختص اضافی ایک اعشاریہ تین ملین ڈالرکے ساتھ پیٹرو کیمیکلز کی تجارت کا حجم نو اعشاریہ 13 بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دونوں ممالک کو توقع ہے کہ اس شراکت داری سے ان کی سرمایہ کاری اور تجارتی ٹریڈ اگلے پانچ برسوں میں 100 بلین ڈالر تک بڑھ جائیں گے۔
دستخط کی تقریب میں وزارت صنعت کی مشرقی ریجن شاخ کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الشعیبی نے شرکت کی۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی دوسری سہ ماہی کے لیے بین الاقوامی تجارتی رپورٹ نے انڈیا کو چین اور جاپان کے بعد مملکت کے تیسرے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر اجاگر کیا جس کی مجموعی برآمدات 26 اعشاریہ آٹھ بلین ریال ہیں۔
سعودی عرب انڈیا سے بہت سی اشیا درآمد کرتا ہے جن میں انجینیئرنگ کا سامان، چاول، پیٹرولیم مصنوعات،کیمیکل، ٹیکسٹائل، خام چینی اور سرامک ٹائلز شامل ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب خام تیل، مائع پیٹرولیم گیس، کھاد،کیمیکل اور پلاسٹک برآمد کرتا ہے۔
ریاض میں انڈین سفارت خانے کے مطابق سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے پاس ریلائنس جیو پلیٹ فارمز میں دو اعشاریہ 32 فیصد حصص ہیں جس کی مالیت ایک اعشاریہ پانچ بلین ڈالر ہے جب کہ ریلائنس ریٹیل وینچرز لمیٹڈ میں دو اعشاریہ چار فیصد حصص ہیں جس کی مالیت ایک اعشاریہ تین بلین ڈالر ہے۔
مزید برآں سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیوسٹاک انویسٹمنٹ کمپنی نے دعوت فوڈز لمیٹڈ میں 33 فیصد حصص اپنی ذیلی کمپنی یونائیٹڈ فارمرز انویسٹمنٹ کمپنی کے ذریعے 17 اعشاریہ 23 ملین ڈالر میں حاصل کیے۔
اسی طرح حالیہ برسوں میں مملکت میں انڈین سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو تقریباً 2 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
یہ سرمایہ کاری مختلف شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے جیسے کہ انتظامی اور مشاورتی سروسز، تعمیراتی منصوبے، ٹیلی کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مالیاتی سروسز اور سافٹ ویئر کی ترقی۔
ریاض میں انڈین سفارت خانے کے اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کے بڑے کارپوریٹ پلیئرز جن میں ایل اینڈ ٹی، ٹاٹا اینڈ سنز، ویپرو، ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز، شپورجی اینڈ پلونی جی، ایئر انڈیا، گو ایئر، انٹیگو اور سپائس جیٹ شامل ہیں نے مملکت کے اندر اپنی مضبوط موجودگی قائم کی ہے۔

شیئر: