انڈیا سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں
دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور شراکت داری کا حجم امید افزا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
انڈیا سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے اور مملکت میں اس کے سفارت خانے کا مقصد کونسل آف دی فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے ساتھ تعاون کو تقویت دینا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس مقصد کے لیے قصیم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوارٹر بریدہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔
الاخباریہ کے مطابق اجلاس میں چیمبر کے سیکریٹری جنرل محمد الحنایا اور سعودی عرب میں انڈین سفیر سہیل اعجاز خان نے شرکت کی۔
انڈین سفیر نے کہا کہ ’انڈیا اور مملکت کے درمیان تجارت اور شراکت داری کا حجم امید افزا اور پائیدار سرمایہ کاری کے مواقع دو طرفہ تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتے ہیں اور عالمی مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر کی اہمیت کی تصدیق کرتے ہیں‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ’ دونوں ممالک کے نجی شعبے مزید کراس بارڈر ٹریڈ کرنے کے قابل ہوں گے اور چیمبرز اور کمرشل کمیٹیوں کی جدید کاری اور ترقی کا عمل جاری رہے گا‘۔
سعودی عرب کی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انڈیا کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ پر تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے پر سعودی وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ اور ان کے انڈین ہم منصب اشونی ویشنو نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ ڈیجیٹل تحقیق اوراختراع کے ساتھ ساتھ نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال میں سعودی عرب اور انڈیا کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کا مقصد ای ہیلتھ، ای لرننگ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔
سعودی عرب جدت اور ٹیکنالوجی کے علاقائی مرکز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی امید رکھتا ہے۔
یہ معاہدہ ایسے سٹریٹیجک اتحادوں کو تیار کرنے کے لیے بھی کام کرے گا جو اس علاقے میں مملکت کے مقاصد اور جدت طرازی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل معیشت کی توسیع میں معاونت کرتے ہیں۔
مملکت نے جنوری میں سویڈن کے ساتھ 2023 کے لیے مشترکہ اقتصادی ایکشن پلان تیار کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو تقویت دینے کے لیے بات چیت کی۔
فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے سیکریٹری جنرل حسین العبد القادر اور مملکت میں سویڈن کی سفیر پیٹرا مینینڈر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات اور دونوں ممالک کے تجارتی شعبوں کے درمیان تعاون کے راستے کو آگے بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔