خرگوش جیسا معصوم جانور آسٹریلیا کے لیے دردِ سر کیسے بنا؟
خرگوش جیسا معصوم جانور آسٹریلیا کے لیے دردِ سر کیسے بنا؟
اتوار 3 ستمبر 2023 16:00
گذشتہ 70 برسوں میں خرگوش ملک کے 70 فیصد علاقے پر قبضہ کر چکے ہیں (فوٹو: فینس اِٹ)
خرگوش کو عام طور پر معصوم، خوبصورت اور نقصان نہ پہنچانے والا جانور سمجھا جاتا ہے، لیکن آسٹریلیا کے لیے یہ دردِ سر بن چکا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا میں کروڑوں کی تعداد میں پائے جانے والے خرگوش حیاتیات کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور انہیں روکنے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے۔
یہ کہانی 1859 سے شروع ہوتی ہے جب ایک آسٹریلوی شہری تھامس آسٹن انگیلنڈ سے صرف 24 خرگوش لے کر آئے، لیکن اب ان کی تعداد 30 کروڑ کے قریب ہے۔
یہ خرگوش فصلیں اور پودے چٹ کر جاتے ہیں، مقامی پودوں کی انواع کو برباد کر رہے ہیں، قدرتی ماحول کے انحطاط کا سبب بنتے ہیں اور متعدد مقامی انواع کی بقا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
دوسرے جانوروں کے مقابلے میں خرگوشوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوتا ہے کیونکہ یہ پیدا ہونے کے تین سے چار ماہ بعد بچے پیدا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
آسٹریلیا میں ان کی بقا کو کوئی خطرہ نہیں تھا تو گذشتہ 70 برسوں میں یہ ملک کے 70 فیصد علاقے پر قبضہ کر چکے ہیں۔
اگر خرگوشوں کی وجہ سے زراعت کو پہنچنے والے نقصان کی بات کی جائے تو آسٹریلیا کی وزارت برائے خوراک و زراعت کے مطابق ملک کو ہر سال تقریباً 13 کروڑ امریکی ڈالرز کا نقصان پہنچتا ہے۔
ایک صدی سے زیادہ عرصے سے آسٹریلیا اس نقصان کو کم کرنے کی ہر مکمن کوشش کر رہا ہے جن میں پھندے لگانا، شکار کرنا، ان کی رہائش گاہوں کو تباہ کرنا، زہر دینا اور حتیٰ کہ دھماکہ خیز مواد استعمال کرنا بھی شامل ہے، لیکن ان کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔
1950 میں سائنس کی مدد لی گئی اور ایک ایسا وائرس تیار کیا گیا جو خرگوشوں میں کینسر کا باعث بنتا ہے۔ آغاز میں کامیابی ملی اور ان کی تعداد 60 کروڑ سے 10 کروڑ پر پہنچ گئی، لیکن وہ جلد ہی اس کے عادی ہو گئے اور تعداد پھر بڑھنے لگی۔
ایک اور وائرس استعمال کیا گیا مگر اس کی وجہ سے دیگر جانداروں کو بھی نقصان پہنچنے لگا اور یہ منصوبہ بھی ناکام ہو گیا۔ پھر بخار پیدا کرنے والا وائرس استعمال کیا گیا جو مچھروں کے ذریعے نیوزی لینڈ تک پھیل گیا۔
اس وقت آسٹریلیا میں خرگوشوں کی تعداد 30 کروڑ ہے اور آسٹریلیوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ انہیں مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔