Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نورجہاں آئی سی یو کے مریض کی طرح ہے،‘ کراچی کی ہتھنی کی حالت بدستور تشویشناک

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے مطابق ’نور جہاں کی صحت آئی سی یو کے مریض جیسی ہے‘ (فوٹو: فورپاز)
پاکستان کے شہر کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ہتھنی نور جہاں  بدستور زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ جانوروں کا علاج کرنے والے بین الاقوامی ادارے فور پاز کی ٹیم اتوار کی شب کراچی پہنچے گی۔
فور پاز نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’نور جہاں اب بھی زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ جب تک حکومت کوئی فیصلہ نہیں کر لیتی ہم اس کی مدد اور تکلیف کم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس کے مستقبل کا فیصلہ حکام نے کرنا ہے۔‘
فور پاز نے مزید بتایا کہ ’ذمہ دار حکام نے قومی وبین الاقوامی ماہرین اور جانوروں کے ڈاکٹروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جسے نور جہاں کے مستقبل کے حوالے سے تجویز دینے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔‘
کراچی چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کنور ایوب نے اُردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’نور جہاں کی صحت تو آئی سی یو کے مریض کی طرح ہے۔ اس میں اتار چڑھاؤ آرہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ کہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں نور جہاں کے جسم میں توانائی کی سطح کو برقرار رکھ سکیں جب تک فور پاز کی ٹیم پہنچ نہیں جاتی، کیونکہ فور پاز کی ٹیم نے یہاں پہنچ کر بھی اس کا علاج معالجہ کرنا ہے۔‘ 
نورجہاں کے تندرست ہونے کے امکانات کتنے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں کنور ایوب نے کہا کہ ’یہ بڑا تکنیکی سوال ہے۔ میں ڈاکٹر تو نہیں ہوں کہ اس پر کچھ کہہ سکوں، البتہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ نور جہاں صحت یاب ہو جائے۔ اس سلسلے میں ہم نے باہر سے بھی ڈاکٹروں کو بلایا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’فور پاز کی ٹیم اتوار کی شب کراچی پہنچے گی۔‘ 

شیئر: