Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی چڑیا گھر کی رونق سمجھا جانے والا بن مانس ہارٹ اٹیک سے ہلاک

کراچی زو ڈاکٹر ایم ایچ پیرزادہ نے بن مانس کے مرنے کی تصدیق کی (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی چڑیا گھر کی رونق موج مستی اور اپنی شرارتوں سے سب کا دل جیتنے والا ایک اور جانور ہلاک ہو گیا۔ ڈاکٹر ایم ایچ پیرزادہ کے مطابق بن مانس کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔
کراچی چڑیا گھر کا سب سے شرارتی جانور بن مانس ہفتے کے روز اچانک ہلاک ہو گیا۔ کنسلٹنٹ کراچی زو ڈاکٹر ایم ایچ پیرزادہ نے بن مانس کے مرنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’میں نے بن مانس کا چیک اپ کیا ہے، بن مانس کی ہلاکت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ مرنے والے بنمانس کے پھیپھڑے اور گردے ٹھیک ہیں، دل میں خون کا دورانیہ رک جانے کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بن مانس کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ہے، باقی چیزیں پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گی۔
کراچی میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے شہری ہارون رشید نے کراچی چڑیا گھر میں ایک اور جانور کی موت پر دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی کراچی چڑیا گھر ہتھنی اور بنگال ٹایگر کی موت کی وجہ خبروں میں رہا ہے۔ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے آئے روز جانوروں کے مرنے کی خبریں سامنے آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام بالا کو چاہیے کہ جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے اس شعبے سے وابستہ افراد کو ان کی دیکھ بھال پر رکھا جائے ناکہ سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی جائیں۔

شیئر: