سعودی عرب میں کار انشورنس فیس کم ہونے کا امکان
بڑا سبب یہ ہے کہ پچاس فیصد افراد گاڑیوں کی انشورنس نہیں کرا رہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں انشورنس سیکٹر کے ترجمان عادل العیسی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’آئندہ مرحلے میں گاڑیوں کی انشورنس فیس کم ہوگی اورانشورنس کمپنیاں مناسب پیکیج فراہم کریں گی۔‘
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’گاڑیوں کی انشورنس فیسوں میں اضافے کے کئی اسباب ہیں۔ بڑا سبب یہ ہے کہ پچاس فیصد افراد گاڑیوں کی انشورنس نہیں کرا رہے۔‘
ترجمان نے مزید کہا ’انشورنس پیکیج ڈرائیور کی جنس سے متاثر نہیں ہوتا۔ 35 امور ایسے ہیں جن کی وجہ سے گاڑیوں کی انشورنس کے نرخ متعین ہوتے ہیں۔ ان میں تجربہ سرفہرست ہے۔‘
عادل العیسی کا کہنا تھا کہ ’انشورنس کے شعبے میں کمپنیوں کے ایک دوسرے میں ضم ہونے کی کارروائی تیزی سے ہوگی۔ سعودی انشورنس اتھارٹی نے اس حوالے سے گرین سگنل دیا ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی کابینہ انشورنس اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔
وزیر خزانہ محمد الجدعان کا کہنا ہے کہ انشورنس اتھارٹی کا قیام سعودی عرب میں انشورنس سیکٹر کے جدید خطوط پر استوار ہونے اور دائرہ وسیع ہونے کی جہت میں اہم قدم ہے۔
انشورنس اتھارٹی سے قومی معیشت میں انشورنس سیکٹر کا حصہ بڑھے گا۔ نئی ملازمتیں نکلیں گی اور نئی سرمایہ کاری ہوگی۔