Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کار انشورنس کمپنیاں صاف ریکارڈ رکھنے والے پالیسی ہولڈرز کو رعایت دیں‘

کمپنیوں کو ہر پالیسی ہولڈر کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے(فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے گاڑیوں کی انشورنس کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ صاف ریکارڈ رکھنے والے  گاڑیوں کے مالکان کو رعایت دیں۔ ایسے مالکان کو بھی رعایت دی جائے جنہوں نے چھ ماہ تک انشورنس نہ کرائی ہو۔‘ 
عکاظ اخبار کے مطابق ساما نے انشورنس کمپنیوں سے کہا کہ ’اگر گاڑی کا کوئی مالک دوبارہ انشورنس کرا رہا ہو تو اسے انشورنس ریکارڈ کے مطابق رعایت دی جائے۔ خواہ اس نے 30 دن سے 180 دن تک انشورنس نہ کرائی ہو۔ یہ رعایت گاڑیوں کے ایسے تمام مالکان کو دی جائے جن کا ریکارڈ صاف ہو۔‘ 
’اگر بغیر انشورنس کا وقفہ 180 دن سے زیادہ  ہو تو ایسی صورت میں انشورنس کے نئے سال کے حوالے سے رعایت کی شرح منسوخ ہوجائے گی۔ انشورنس پالیسی ہولڈر کو دوبارہ انشورنس ریکارڈ بنانا ہو گا۔‘ 
ساما نے وضاحت کی کہ ’اگر موثر انشورنس پالیسی نہ ہو یا بارہ ماہ سے زیادہ عرصے تک ڈرائیور کی حیثیت سے انشورنس پالیسی ہولڈر کااندراج نہ ہو تو ایسی صورت میں بھی رعایت کی شرح ختم ہوجائے گی۔ پالیسی  ہولڈر  کو ازسرنو انشورنس ریکارڈ بنانا ہو گا۔‘ 
ساما نے انشورنس کمپنیوں کو ہر پالیسی ہولڈر کا انشورنس ریکارڈ اپنے یہاں محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

شیئر: