شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو فوری پاکستان آنا چاہیے: خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ اسحاق ڈار واپس آئے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بڑی تباہی سامنے ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو فوری پاکستان آنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود ن لیگ کی قیادت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوامی غصے کا سامنا ہے۔
’ایسے میں شہباز شریف اور نواز شریف کی لندن میں موجودگی سے خود ن لیگ میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف بھلے اکتوبر میں واپس آجائیں لیکن پارٹی صدر شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو فوری وطن واپس آنا چاہیے۔‘
پی ڈی ایم حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت صورتحال کو اس طرح نہیں سنبھال سکی جس طرح ہم توقع کر رہے تھے۔
’اسحاق ڈار واپس آئے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بڑی تباہی سامنے ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہمارے حلقوں میں اور عوام میں بے چینی ہے، مریم نواز عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
خیال رہے قومی اسمبلی کی تحلیل کے کچھ دن بعد سابق وزیراعظم شہباز شریف لندن چلے گئے تھے۔
حکومت کے خاتمے کے بعد اسحاق ڈار دبئی چلے گئے تھے جہاں ایک ہفتے قیام کے بعد وہ 27 اگست کو لندن پہنچ گئے تھے۔
اس وقت میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا ان کے لندن آنے کا مقصد نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات ہے۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ویک اینڈ پر پاکستان واپس جائیں گے۔
تاہم ابھی تک شہباز شریف اور اسحاق ڈار لندن میں ہی قیام پذیر ہیں اور ان کی پاکستان واپسی کے حوالے سے پارٹی یا ان کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔