کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرآت کے فاتحین کے اعزاز میں تقریب
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت نائب گورنر مکہ مکرمہ کریں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حسن قرات کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلے 43 کے فاتحین کے اعزاز میں تقریب بدھ کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ہوگی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز کریں گے۔
تقریب نمازعشا کے بعد مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیعی والی عمارت میں ہوگی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حسن قرات و حفظ و تفسیر قرآن کے بین الاقوامی مقابلے کا انتظام سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کیا ہے جس میں 117 ملکوں کے 166 امیدوار شریک ہوئے۔
وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے جو بین الاقوامی مقابلے کے نگران اعلی بھی ہیں قرآن کریم کے حفاظ کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلی قیادت اندرون ملک و بیرونی دنیا میں قرآن پاک اور اس کے حفاظ کے حوالے سے جو خدمات انجام دے رہی ہے بین الاقوامی مقابلے کی سرپرستی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال حسن قرات کا بین الاقوامی مقابلہ اس حوالے سے منفرد رہا کہ اس میں شرکت کرنے والے ممالک کی تعداد ریکارڈ رہی۔
یاد رہے کہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلے میں کامیاب ہونے والوں کو پانچ زمروں میں چالیس لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے۔