کرکٹ آسٹریلیا نے اس سے قبل دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اپنے سکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں نیتھن ایلس، ایرون ہارڈی اور تنویر سنگھا کو شامل کیا تھا تاہم یہ تینوں کھلاڑی ورلڈ کپ کے سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔
دورہ جنوبی افریقہ کے لیے آسٹریلیا کے تین سپرسٹار کھلاڑی سٹیو سمتھ، گلین میکسویل اور مچل سٹارک انجری مسائل کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے تھے جبکہ کپتان پیٹ کمنز بھی انجری مسائل کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں جن کی عدم موجودگی میں مچل مارش قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
تاہم کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آسٹریلیا اس بات کے لیے پرامید ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پیٹ کمنز، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک اور گلین میکسویل مکمل طور پر صحتیاب ہوجائیں گے۔
ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اپنے سفر کا آغاز 8 اکتوبر سے انڈیا کے خلاف چنئی میں میچ سے کرے گا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھی ورلڈ کپ کے لیے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی قیادت ٹیمبا باوُوما کریں گے جبکہ سکواڈ میں سپنر کیشو مہاراج کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی سکواڈ میں وین پارنیل، بیون فورٹان، ٹرسٹن سٹبز اور ڈیوالڈ بریوس کو شامل کیا تھا جنہیں حتمی 15 رُکنی سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے بھی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئنٹن ڈی کوک یہ فیصلہ ٹی20 فرنچائز کرکٹ کھیلنے کے باعث کیا ہے۔
خیال رہے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو نئی دہلی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔