سری لنکا نے ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا، وانندو ہاسارنگا ایونٹ سے باہر
سری لنکا نے ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا، وانندو ہاسارنگا ایونٹ سے باہر
منگل 29 اگست 2023 18:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ایشیا کپ میں سری لنکن ٹیم کی قیادت داسُن شناکا کریں گے۔ (فوٹو: سری لنکن کرکٹ بورڈ ٹوئٹر)
سری لنکا نے ایشیا کپ کے لیے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت داسُن شناکا کریں گے۔
منگل کو سری لنکن ٹیم کے مداحوں کے لیے ایونٹ سے قبل ایک بری خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق سپرسٹار آل راؤںڈر وانندو ہاسارنگا انجری کے سبب ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ہاسارنگا ٹانگ کی انجری کا شکار ہیں تاہم وہ ٹورنامنٹ کے آخری حصے میں ٹیم کو اپنی خدمات فراہم کر سکتے تھے لیکن سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے پیش نظر انہیں مکمل صحت یاب ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
ایشیا کپ سے قبل سری لنکا کے لیے صرف وانندو ہاسارنگا کی انجری ہی درد سر نہیں بنی ہوئی بلکہ فاسٹ بولر دُشمنتھا چمیرا، دلشان مدُھوشنکا اور لہیرُو کمارا بھی انجری کے سبب ٹیم کے سکواڈ میں حصہ نہیں بن سکے۔
خیال رہے پانچ مرتبہ کی ایشین چیمپیئن ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ جمعرات کے روز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گی۔