ٹیکس وصولی میں اضافے کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ممکن نہیں: وزیراعظم
جمعرات 7 ستمبر 2023 18:05
اسلام آباد ایوان تجارت و صنعت کے وفد کی قیادت صدر احسن ظفر بختاوری نے کی۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد ایوان تجارت و صنعت کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری طبقہ کی تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں، ان میں سے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔
’وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے، کاروباری برادری موجودہ ملکی معاشی حالات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ 48 کے دوران کریک ڈائون کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، سمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔
اسلام آباد ایوان تجارت و صنعت کے وفد کی قیادت صدر احسن ظفر بختاوری نے کی۔
ملاقات میں سیکرٹری کامرس، سیکرٹری صنعت، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔