کیا آئی فون 15 مزید سمارٹ اور کم وزن کے ساتھ لانچ ہو رہا ہے؟
کیا آئی فون 15 مزید سمارٹ اور کم وزن کے ساتھ لانچ ہو رہا ہے؟
ہفتہ 9 ستمبر 2023 10:22
12 ستمبر کو نئے آئی فون 15 کی لانچنگ تقریب منعقد کی جائے گی (فوٹو: فوربز)
آئی فون کے شائقین بڑی شدت سے 12 ستمبر کے منتظر ہیں تاکہ وہ نئے آئی فون کی لانچنگ کی سالانہ پریس کانفرنس میں پیش کیے جانے والے نئے فون کی خوبیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایپل کمپنی کے مرکزی دفتر ’ایپل پارک‘ میں 12 ستمبر 2023 کو نئے آئی فون 15 کی لانچنگ تقریب صبح 10 بجے منعقد کی جائے گی جبکہ دیگر ممالک کے لیے بھی شیڈول جاری کیا گیا ہے جو حسب ذیل ہے۔
مصر کے شہر قاہرہ میں شام چھ بجے، ابوظبی میں رات 8 بجے اور مکہ میں شام 7 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
نئے آئی فون کے فیچرز
گیٹ گیٹس ناؤ ویب سائٹ کی جانب سے نئے لانچ ہونے والے آئی فون کے فیچرز بیان کیے ہیں جو حسب ذیل ہوں گے۔
معلومات شیئر کرنے کا نیا طریقہ: ’نیم ڈراپ ‘ کے تحت نیا فیچر لالنچ کیا جا رہا ہے جس سے آپ دو آئی فونز کو باہمی منسلک کرکے معلومات شیئر کر سکیں گے۔
رابطے کے لیے سٹیکرز: اس سہولت کے تحت آپ رابطوں کی شناخت کے لیے سٹیکرز کا انتخاب کر سکیں گے جس سے معلومات کو ٹریک کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
میسجنگ کا نیا فیچر: نئے آئی فون میں جس خوبی کا زیادہ ذکر کیا جا رہا ہے وہ صارف کے اہل خانہ یا قریبی عزیز کے آئی فون پر پیغام صارف کی بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ جانے کے بارے میں مطلع کرے گا۔
ایئر پوڈ اپ ڈیٹس: آواز کو صاف کرنے اور شور کو ختم کرنے کے لیے خصوصی پروگرام انسٹال کیا گیا ہے۔
آئی فون کو سمارٹ سکرین میں تبدیل کرنا: نئے آئی فون میں ’سٹینڈ بائی‘ کا آپشن شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے اسے سمارٹ سکرین کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
افکار کا اندراج: اس فیچر کے ذریعے آپ اپنے روزمرہ کے خیالات و افکار کو درج کرکے انہیں سٹور کر سکتے ہیں۔
ایئرٹیگ 7 کے لیے نئی اپ ڈیٹ: اس سہولت کے ذریعے ایئرٹیگ صارفین دوسروں سے اپنی لوکیشن شیئر کر سکیں گے جس کے ذریعے گمشدہ عناصر کی تلاش آسان ہو گی۔
نیا ایپل میوزک: اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے دوسروں کے ساتھ میوزک شیئر کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔
سکیورٹی فیچر میں اضافہ: پاس ورڈ اور پاس کیز کی حفاظت کے طریقہ کار کو مزید آسان اور محفوظ بنایا گیا ہے جس کے تحت بااعتماد سائٹس یا گروپس کے ساتھ رابطہ آسان ہو گا اور پاس ورڈز کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
متن کی فوری تصحیح: اس سہولت کے ذریعے پیغام رسانی کو آسان بنایا گیا ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے کوئی بھی عبارت ٹائپ کرتے وقت خود کار طریقے سے سسٹم عبارت کو مکمل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔
آئی فون 15 سیریز
توقع ہے کہ ایپل کی سالانہ کانفرنس میں آئی فون سیریز 15 لانچ کیا جائے گا اس کی بناوٹ میں کافی نئی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ نئے فون کو مزید خوبصورت بنایا گیا ہے جبکہ اس کی سکرین کی گنجائش میں اضافہ کرنے کے لیے سائیڈوں کو کم کیا گیا۔
یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ نئے آئی فون 15 کو کمپنی نے نئے رنگوں میں لانچ کیا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کمپنی نے آئی فون کے وزن میں بھی کمی کی ہو گی کیونکہ اس کی باڈی کو سٹینلیس سٹیل کے بجائے کم وزن دھات ’ٹائیٹینیم ‘ سے تیار کیا جا رہا ہے کیونکہ مذکورہ دھات سٹیل سے کافی زیادہ مضبوط جبکہ وزن میں بھی ہلکی ہوتی ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے نئے آئی فون کی قیمت میں 80 سے 100 ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا۔