’آئی فون 15‘ کی تصاویر لیک، کیا تبدیلیاں متوقع ہیں؟
بدھ 19 جولائی 2023 10:07
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آئی فون کے نئے ماڈلز پُرانے فونز کی نسبت پتلے یعنی سِلم ہوں گے۔ (فوٹو: فوربز)
ایپل کے آئی فون کے نئے آںے والے ماڈل ’آئی فون 15‘ کی ممکنہ تصاویر لیک ہو گئی ہیں جس کے بعد خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آئی فون کے نئے ماڈل میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رواں برس ایپل کے نئے آئی فون میں نونچ کو ختم کیا جائے گا اور آئی شیپ کے کٹ آؤٹ کو متعارف کروایا جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ سال ریلیز ہونے والی آئی فون 14 سیریز میں ایپل نے سکرین پر ’ڈائینیمک آئی لینڈ‘ کے فیچر کو 14 پرو فونز تک محدود رکھا تھا اور یہ فیچر آئی فون 14 میں موجود نہیں تھا تاہم اس مرتبہ صارفین کو یہ ڈائینیمک آئی لینڈ کا فیچر پرو فونز کے علاوہ آئی فون کے نان پرو ماڈل میں بھی استعمال کرنے کو ملے گا۔
آئی فون 15 اور 15 پرو میکس کی لیک ہونے والی تصاویر کے مطابق یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ماڈل پہلے ماڈلز کی نسبت پتلے یعنی سِلم ہوں گے جبکہ بیزل (سکرین اور فریم کے درمیان کا حصہ) ڈیوائس کے کونے کی جانب ہلکے سے مڑے ہوئے ہوں گے۔
ڈیزائن کے علاوہ آئی فون 15 پرو کے ماڈل میں پاوور فل بیٹری لگائی جائے گی اور نئی اے 17 بائیونک چپ سیٹ لگائی جائے گی جبکہ نان پرو ماڈل میں اے 16 کی بائیونک چپ نصب کی جائے گی جو کہ آئی فون 14 کے پرو ماڈلز میں لگائی گئی تھی۔
اگر کیمرے کی بات کی جائے تو آئی فون 15 کے پرو ماڈلز میں نیا پیری سکوپ کیمرہ بھی نصب کیا جائے گا جو کہ اس سیریز کے نان پرو ماڈلز میں نہیں ہوگا۔ اس کیمرے سے صارفین چھ گُنا آپٹیکل زُوم بھی کر سکیں گے۔
آئی فون 15 کی پوری سیریز سی پورٹ چارجر کے ساتھ آئے گی تاہم آئی فون 15 پرو اور پرو میکس میں تھنڈر بولٹ پورٹ بھی نصب کیا جائے گی جو کہ فور کے تھنڈر بولٹ آؤٹ پُٹ فراہم کرے گی۔
دوسری جانب فوربز نے خبر دی ہے کہ آئی فون 15 سیریز میں تین نئے رنگوں کے فون شامل ہوں گے جن میں سبز، ہلکا پیلا اور گلابی رنگ شامل ہیں۔ اس طرح آئی فون کی نئی سیریز کے مکمل رنگ مڈ نائٹ، سٹار لائٹ، سبز، ہلکا پیلا، سرخ اور گلابی ہوں گے۔