Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ میں سعودی عرب اور یمن کے ثقافتی ورثے کی نمائش

فیشن، بصری فنون، فن تعمیر، ڈیزائن اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت ثقافت کی جانب سے شروع کی گئی کامن گراؤنڈ نمائش سعودی عرب اور یمن کے ثقافتی ورثے اور مشترکہ روایات کو اجاگر کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام فار یمن اس نمائش میں شرکت کر رہا ہے تاکہ یمن میں اپنے جاری منصوبوں کی نمائش کی جا سکے۔
الدرعیہ میں جاری نمائش میں فیشن، بصری فنون، فن تعمیر، ڈیزائن، کلنری آرٹس اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
20 ستمبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
رئیل سٹیٹ کنسلٹنگ کمپنی کے مالک وزیٹر فیصل الطویل نے کہا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ یمن اور سعودی عرب کے درمیان فن تعمیر، آرٹ اور اس میں استعمال ہونے والے ٹولز کے لحاظ سے ایک حیرت انگیز ثقافتی جہت موجود ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ یہ یقینی ہے کہ یمنی اور سعودی عوام ایک قوم ہیں۔ ہم سب قریب ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم پہلے سے زیادہ قریب ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کی نمائش سعودی عرب اور یمن کے درمیان موجود ثقافت اور اتحاد کے جذبے کو ابھارتی ہے‘۔
نمائش میں ورثے اور ثقافت کی مثالوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے بشمول مشترکہ تاریخ اور تہذیبیں جو کبھی جزیرہ نما عرب میں پروان چڑھتی تھیں۔
تیونس سے تعلق رکھنے والے ایک وزیٹر اور یونیورسٹی کے پروفیسر ہالا مورالی نے کہا کہ ’مجھے فطرت اور تخیل کے درمیان شو پسند آیا۔ یہ مجھے تصویر کے بیچ میں ڈوبا ہوا محسوس ہوا‘۔

یمن کے وزیر اطلاعات نے  متعدد یمنی حکام کے ساتھ نمائش کا دورہ کیا۔(فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے کہا کہ ’ مجھے روایتی اشیا بھی پسند تھیں کیونکہ وہ تیونس کی ثقافت سے ملتی جلتی تھیں۔ اس سے مجھے عرب ممالک کے درمیان دوری کے باوجود ان کے درمیان کامن گراؤنڈ کا احساس ہوا‘۔
یمن کے وزیر اطلاعات، ثقافت اور سیاحت معمرالاریانی نے حالیہ دنوں متعدد یمنی حکام کے ساتھ نمائش کا دورہ کیا۔
ان کے ساتھ سعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام فار یمن جنرل سپروائزر محمد بن سعید الجبیر بھی تھے۔
یہ پروگرام ورثے کی بحالی اور حفاظت، تاریخی ڈھانچے کی تزئین و آرائش اور ثقافتی شعبے میں افرادی قوت کی مہارت کو بڑھانے میں سرگرم عمل ہے۔
اس کے علاوہ یہ یمن کی ترقی میں معاونت اور اقتصادی فوائد کو فروغ دینے کے لیے مختلف انیشیٹوز کو نافذ کرتا ہے۔
اس پروگرام نے یمن میں تعلیم، صحت، پانی، توانائی، نقل و حمل، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں کامیابی کے ساتھ 229 ترقیاتی منصوبے اور انیشیٹوز منعقد کیے ہیں۔

شیئر: