جرش فیسٹیول میں سعودی ثقافتی ورثہ اور لوک داستانیں
فیسٹول 1981 سے اردن کے قدیم شہر جرش میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے اردن میں 26 جولائی سے 5 اگست تک منعقد ہونے والے ثقافت اور فنون کے 37 ویں جرش فیسٹول میں شرکت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تین ثقافتی کمیشنوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مملکت نے اس فیسٹیول میں سرگرمی سے حصہ لیا جو 1981 سے شمالی اردن کے قدیم شہر جرش میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔
تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن کے سی ای او سلطان البازی نے ایونٹ میں سعودی عرب کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
11 دنوں تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں سعودی ثقافتی ورثے اور لوک داستانوں کی نمائش کی گئی۔ تینوں ثقافتی اداروں نے میوزیکل اور پرفارمنس ایونٹس کا بھی اہتمام کیا۔
جرش فیسٹیول میں سعودی وفد کے سربراہ البازی نے کہا کہ ’ اس ایونٹ میں مملکت کی موجودگی ثقافتی تعلقات کو بڑھانے اور دیگر ممالک کے ساتھ تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے سعودی وژن 2030 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے‘۔
سعودی ثقافتی تقریبات میں اردن کے وزیر ثقافت کے علاوہ اردن میں مملکت کے سفیر نائف بن بندر السدیری، وزرا، حکام اور سفارت کاروں سمیت اردنی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
میوزک کمیشن نے فیسٹیول کے دوران ایک کنسرٹ کا اہتمام کیا جس میں پانچ ہزار سے زائد وزیٹرز نے شرکت کی۔
ہیریٹیج کمیشن نے عربی شاعری کے سال کو منانے پر توجہ مرکوز کی اور یونیسکو کے ساتھ رجسٹرڈ عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔
آٹھ کاریگروں نے روایتی دستکاری بھی پیش کی جن میں ساڈو اور بُنائی، لکڑی کے فن پارے، مٹی کے برتن اور سیرامکس شامل ہیں۔
یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب مملکت نے سالانہ فیسٹیول میں حصہ لیا ہے۔