’ہم بہت پُرانے ہوگئے ہیں،‘ نانا پاٹیکر ’ویلکم تھری‘ کا حصہ کیوں نہیں؟
بدھ 13 ستمبر 2023 6:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم ’ویلکم ٹو دا جنگل‘ دسمبر 2024 میں ریلیز ہوگی۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین گریب)
بالی وُڈ کی مشہور زمانہ فلم ’ویلکم‘ کا تیسرا حصے کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس کا نام ’ویلکم ٹو دا جنگل‘ رکھا گیا ہے لیکن اس بار نانا پاٹیکر اس کا حصہ نہیں۔
’ویلکم‘ کے عنوان سے بننے والی پچھلے دونوں فلموں میں نانا پاٹیکر مرکزی کاسٹ کا حصہ تھے۔
منگل کو ایک تقریب کے دوران ایک صحافی نے اُن سے سوال کیا کہ وہ ’ویلکم ٹو ڈا جنگل‘ کا حصہ کیوں نہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے نانا پاٹیکر کا کہنا تھا کہ ’میں اس فلم کا حصہ نہیں شاید انہیں لگا کہ ہم بہت پُرانے ہوگئے ہیں۔‘
نانا پاٹیکر وِویک اگنی ہوتری کی فلم ’دا ویکسین وار‘ میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے وِویک اگنی ہوتری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں نہیں لگتا کہ میں پُرانا ہوگیا اس لیے انہوں نے مجھے فلم میں شامل کیا۔‘
نانا پاٹیکر ’می ٹو‘ مہم کے حوالے سے بھی خبروں میں رہے تھے جب اداکارہ تنوشری دتا نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار نے انہیں ہراساں کیا۔
ان الزامات کے بعد نانا پاٹیکر بہت ہی کم فلموں میں دکھائی دیے۔ فلم ’دا ویکسین وار‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں انہوں نے اس حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم انڈسٹری کسی کے لیے بھی دروازے بند نہیں کرتی اگر آپ اچھا کام کرنا چاہتے ہیں۔‘
فلم ’ویلکم ٹو دا جنگل‘ دسمبر 2024 میں ریلیز ہوگی اور اس کی کاسٹ میں اکشے کمار، سنجے دت، ارشد وارثی، دیشا پٹنی، روینا ٹنڈن، لارا دتا اور پاریش راول شامل ہیں۔