Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں پیشہ ورانہ اور کاروباری ہنر کی تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز

شاہ سلمان مرکز اور اقوام متحدہ کے تحت ایک ہزار 500 نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تعاون سے یمن میں پیشہ ورانہ اور کاروباری ہنر کی تربیت اور سپورٹ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس پروجیکٹ میں نو یمنی گورنریٹس میں 24 ڈائریکٹوریٹ کے ایک ہزار 500 نوجوانوں کو پیشہ ورانہ، تکنیکی اور کاروباری مہارتوں میں تربیت دینا شامل ہے۔
اس میں خوراک کی پیداوار، ٹیکسٹائل، ہاتھ کی بُنائی، کشتی کے انجن کی مرمت، شمسی توانائی کے نظام کی دیکھ بھال اور تنصیب کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ کٹس شامل ہیں تاکہ فائدہ اٹھانے والوں کو تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنا کاروبار قائم کرنے میں مدد ملے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے یمن کے مارب گورنریٹ میں 664 ٹن سے زیادہ خوراک کی امداد تقسیم کی جس سے 43 ہزار  449 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

مارب گورنریٹ میں 664 ٹن سے زیادہ خوراک تقسیم کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256 ملین ڈالرکے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: