حدود حرم میں مساجد کے لیے دستیاب اراضی کی خبر بے بنیاد ہے: اسلامی امور
جمعرات 14 ستمبر 2023 18:17
بعض لوگ افواہیں پھیلا کرعطیات جمع کرنے کی کوشش کررہے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ حدود حرم میں مساجد کے لیے مخصوص اراضی کے دستیاب ہونے کی خبر بے بنیاد ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت اسلامی امور نے توجہ دلائی ہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ مکہ مکرمہ حدود حرم میں مساجد بنوانے کے لیے اجازت یافتہ پلاٹس دستیاب ہیں ۔ یہ محض افواہ ہےحقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
وزارت اسلامی امور نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات کا تبادلہ ٹھیک نہیں۔ ایسے افراد یا ادارے جن کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں ان سے منسوب اس قسم کی اطلاعات پر توجہ نہ دی جائے۔
بعض لوگ اور ادارے اس قسم کی خبریں پھیلا کر لوگوں کی دینی عقیدت سے کھیل رہے ہیں اس قسم کے دعوے عطیات جمع کرنے کا کھیل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی افواہوں اور من گھڑت دعوؤں کے چکر میں نہ پڑا جائے۔
مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس قسم کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف متعلقہ اداروں کو رپورٹ کریں۔ یاد رکھیں کہ اس قسم کی افواہ سے مفاد عامہ کو بھاری نقصان پہنچتا ہے۔