حرم مکی کی خواتین لائبریری میں 6 خدمات کااضافہ
جمعرات 29 دسمبر 2022 19:19
حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ مسجد الحرام لائبریری کے لیڈیز سیکشن میں 6 سہولتوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے ٹوئٹراکاؤنٹ پر نئی سہولتوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ مطالعے کے لیے آنے والی خواتین کا وقت بچانے کے لیے انہیں حوالہ جات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ لائبریری ہال میں بھی یہ سہولت دی جارہی ہے اورآن لائن بھی اس کااہتمام کیا گیا ہے۔
لائبریری میں نئی مطبوعات سے بھی مطالعے کے لیے آنے والی طالبات کو مطلع کیا جانے لگا ہے۔ مطلوبہ کتابوں کےمنتخب صفحات کی فوٹو کاپی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کاپی رائٹ کی پابندیوں کابھی خیال کیا جاتا ہے۔
لائبریری میں متعدد ہال بنائے گئے ہیں جہاں سکالرخواتین مطالعہ کرسکتی ہیں اوراپنی ریسرچ کا کام بھی وہاں بیٹھ کر آسانی سے انجام دے سکتی ہیں۔ لائبریری میں مختلف عمر کی طالبات کے لیے متعدد سماجی ضروریات کے پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔
لائبریری میں ابلاغی خدمات کا اہتمام بھی کیا جانے لگا ہے۔ آن لائن بھی ثقافتی و ابلاغی سہولیات دی جارہی ہیں۔