Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غداری پر 2  سعودی فوجی افسران کو سزائے موت 

غداری کے جرائم ثابت ہونے پرعدالتی کارروائی کی گئی (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طائف زون کمانڈ میں غداری کے جرم پر 2 فوجی افسران کو موت کی سزا دے دی گئی۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق جمعرات کی شب وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ سٹاف ماجد بن موسی عواد البلوی  اور چیف سارجنٹس یوسف بن رضا حسن العزونی متعدد بڑے عسکری جرائم کے مرتکب ہوئے تھے۔ 
دونوں کو 24 اور25 ذی الحجہ 1438ھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ماجد البلوی سے پوچھ گچھ پر ثابت ہوا کہ وہ  غداری کے جرم کا مرتکب ہوا ہے۔ اس نے ملکی مفادات کا تحفظ نہیں کیا اورعسکری قواعد کا احترام نہیں کیا جبکہ یوسف العزونی سے دوران تحقیق ثابت ہوا کہ وہ 3 قسم کی غداریوں کا مرتکب ہوا ہے۔ اس نے ملکی مفادات کا تحفظ نہیں کیا اور عسکری سروس کے وقار کو مجروح کیا۔ 
وزارت دفاع نے بتایا کہ دونوں کوعدالتی تقاضے پورے کرتے ہوئے سپیشل کورٹ میں پیش کیا گیاجہاں انہوں نے خود پر لگائے جانے والے الزامات کا باقاعدہ اعتراف کیا۔ 
عدالت نے دونوں کو الزامات کے ثبوت ملنے پر مجرم قرار دیتے ہوئے موت کی سزا سنائی۔ سزائے موت کا فیصلہ اسلامی شریعت اور ملکی قانون کے تقاضوں کے عین مطابق کیا گیا۔ 
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دونوں کے خلاف کیے جانے والے عدالتی فیصلے کے حوالے سے دقیق ترین کارروائی مکمل کی گئی۔
آخر میں ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے کے نفاذ کا فرمان جاری ہونے پر انہیں طائف میں جمعرات کو موت کی سزا دے دی گئی۔ 
وزارت دفاع نے توجہ دلائی ہے کہ اسے وطن سے وفاداری کا حلف لینے والے فوجیوں پر پورا اعتماد ہے۔ ہمارے فوجی وطن عزیز کے امن و استحکام اور اس کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
تاہم مذکورہ دونوں افسران جن گھناؤنے جرائم کے مرتکب ہوئے وہ قابل مذمت  ہے اور ہمارے یہاں فوجی جوانوں میں اس قسم کے جرائم کی مثال نہیں ملتی۔ 

شیئر: