سعودی کے قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ریاض میں سعودی شہری کے مقیم قبائلی قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق غیرملکی مقیم قبائل سے تعلق رکھنے والے سلطان بن مدیسیس العنزی نے سعودی شہری سلمان بن ضیف اللہ الحربی سے اختلاف ہونے پراپنے پستول سے اس پرفائرکھول دیا جس سے وہ موقع پرہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کراس کے خلاف قتل کا مقدمہ دائرکیا اورکیس عدالت کے سپرد کردیا گیا جہاں تمام شواہد اوراقبالی بیان کی روشنی میں عدالت نے قتل کے بدلے قتل کی سزا کا حکم سنا دیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل بھی مسترد ہونے کے بعد ریاض میں سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔