Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نوجوان سے دوستی، تھائی لینڈ کی خاتون نے سوات آ کر شادی کر لی

مقامی پولیس کے مطابق دونوں کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی تھی۔ (فوٹو: میکسی پکسلز)
انڈین شہری انجو اور پاکستانی خاتون سیما حیدر کی شادیوں نے اس تاثر کو تقویت ملی کہ محبت سرحدوں اور انسانوں کی پیدا کردہ رکاوٹوں کی محتاج نہیں ہوا کرتی۔
دونوں ہی خواتین اب اپنے شوہروں کے ساتھ بظاہر خوش ہیں۔
محبت کا  یہ بے مول جذبہ ہی ہے کہ تھائی لینڈ کی 44 سالہ خاتون تھانیارت ینتاست گذشتہ دنوں پاکستان آئیں تاکہ اپنے محبوب احمد شاہ سے شادی کر سکیں۔    
تھانیارات ینتاست کی مالاکنڈ ڈویژن کے نوجوان احمد شاہ سے فیس بک پر رابطہ ہوا۔ دونوں میں ابتدائی علیک سلیک ہوئی جو کچھ ہی عرصے میں دوستی میں تبدیل ہو گئی، اور پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ دونوں کے لیے ایک دوسرے کے بغیر رہنے کا خواب بھی سوہانِ روح بن چکا تھا۔
تھانیارت نے اس موقع پر جرأت سے کام لیا اور مالاکنڈ ڈویژن کے گائوں چار باغ پہنچ گئیں جہاں ان کے ہونے والے شوہر احمد شاہ رہائش پذیر تھے۔ دونوں نے گذشتہ دنوں سوات میں کورٹ میرج کر لی ہے جس سے ان کے خاندان اور علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
 احمد شاہ کی دلہن ان سے عمر میں 23 برس بڑی ہیں۔ دونوں نے اپنی عمروں کے اس تفاوت کو اپنی محبت میں حائل نہیں ہونے دیا اور اس میں کامیاب بھی رہے۔
اور یقیناً احمد شاہ اور تھائی خاتون تھانیارت اس حقیقت کا ادراک کر چکے ہیں اور وہ اب ایک ایسی زندگی بسر کر رہے ہیں جو ان کے خوابوں کی دنیا ہے، جس کی تعبیر پانے کی انہوں نے کبھی خواہش کی تھی اور آج وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
تھائی خاتون نے اپنے شوہر کے لیے اسلام قبول کیا اور پھر دونوں نے مقامی عدالت میں نکاح کر لیا۔
مقامی پولیس کے مطابق، دونوں کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی تھی۔ تھائی خاتون کے پاس تمام سفری دستاویزات موجود ہیں اور وہ تین ماہ کے وزٹ ویزے پر پاکستان آئی ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق نکاح کے بعد تھانیارت ینتاست اور احمد شاہ نے اسلام آباد کی سیاحت کی۔
محبت کے ان خالص جذبوں کو کوئی نام دینا ناممکن ہے، یہ ایک ایسا ملن ہے جس میں ہر رکاوٹ آسان ہوتی چلی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ جولائی میں سیما حیدر نامی پاکستانی خاتون نے ایک انڈین شہری سے شادی کی تھی جس کے کچھ دن بعد انڈین خاتون انجو اپنا ملک چھوڑ کر پاکستان آئیں اور انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد نصر اللہ نامی نوجوان سے شادی کی۔ 
انڈیا کے بعد ایک امریکی خاتون بھی پاکستانی نوجوان کی محبت میں دیر پہنچی تھیں۔

شیئر: