شاہ سلمان مرکز کی سوڈان اور سری لنکا میں امدادی سرگرمیاں جاری
سری لنکا میں اندھے پن سے نمٹنے کے لیے ایک پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی سوڈان اور سری لنکا میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سوڈان میں 34 ٹن سے زیادہ خوراک کی امداد تقسیم کی جس سے پانچ ہزار217 بے گھر افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سری لنکا میں البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اندھے پن سے نمٹنے کے لیے ایک پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔
یہ پروجیکٹ 11 سے 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔
یہ انیشیوز ان امدادی اور انسانی منصوبوں کا حصہ ہیں جو مملکت اپنے انسانی ہمدردی کے ذریعے فراہم کرتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔