Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے یمن میں نئے منصوبوں کے لیے معاہدے

عدن گورنریٹ میں مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کا کام شروع کرے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے یمن میں نئے منصوبوں کو چلانے کے لیے تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات یمن کے عدن گورنریٹ میں مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کا کام شروع کرے گی جس سے تین ہزار 500 سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات میں صحت اور ماحولیاتی امداد کے شعبے کے ڈائریکٹر عبداللہ المعلم نے ایک بیان میں کہا کہ ’ اس معاہدے کا مقصد خصوصی افراد کو فنکشنل بحالی کی خدمات فراہم کرنا ہے جنہیں مصنوعی اعضا کی ضرورت ہوتی ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز یمن سے ہنر مند اہلکاروں کی نقل مکانی کو کم کرنے کے منصوبوں کے حصے کے طور پر ہر مریض کے لیے صحیح ادویات فراہم کرنے اور طبی عملے کو تربیت دینے کے لیے علاج کا منصوبہ تیار کرے گا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے ایک علیحدہ معاہدے میں شہزادہ فہد بن سلمان چیریٹی ایسوسی ایشن فار کڈنی فیلور پیشنٹ (کلانا) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
اس شراکت داری کا مقصد الیوسر میڈیکل سینٹر قائم کرنا ہے جو یمن کے حضرموت گورنریٹ میں گردوں کی جامع دیکھ بھال فراہم کرتا ہے۔
پانچ ملین ڈالرکی لاگت سے اس سینٹر سے 579 گردوں کے مریضوں کا مفت علاج متوقع ہے۔
عبداللہ المعلم نے کہا کہ ’اعلیٰ معیار کی خدمات کے ذریعے شاہ سلمان مرکز کا مقصد یمن میں اموات کو کم کرنا اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

شاہ سلمان مرکز کا مقصد یمن میں معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر احمد بن علی البیز نے یمن کے چار شہروں میں ’بیک ٹو سکول‘ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کے لیے یمن کی سول سوسائٹی کی ایک تنظیم کے ساتھ ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اس پروجیکٹ سے حجہ، ابین، حضرموت اور تعز کے میون جزیرے کے گورنریٹس میں 13 ہزار 300 یمنی طلبا مستفید ہوں گے۔
معاہدے کے تحت 95 کلاس رومز تعلیمی سامان بشمول بیگز اورسکول یونیفارم سے لیس ہوں گے۔
اس معاہدے میں سکول بیگ کی تیاری کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں، پیشگی تربیت سے مستفید ہونے والوں کے لیے ملازمتیں شامل ہیں۔
اس منصوبے کا پہلا مرحلہ گزشتہ سال نافذ کیا گیا تھا اور اس میں 11 ہزار 586 یمنی طلبا کو سکول یونیفارم اور بیگز کی فراہمی کے علاوہ حضرموت، المھرہ، عدن اور حجہ گورنریٹس میں 23 سکولوں کی بحالی شامل تھی۔
پہلے مرحلے نے یمنی طلبا کے لیے بنیادی اور ثانوی تعلیم تک رسائی میں اضافہ کیا، سیکھنے کے حالات کو بہتر بنایا، اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کیا۔

شیئر: