Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں مقیم عرب، مسلم تنظیموں کی مراکش اور لیبیا کے لیے امداد کی اپیل

آفات سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے عطیات فراہم کرنے کی اپیلیں شروع ہو گئی ہیں۔ (فوٹو: پینی اپیل)
لندن میں مقیم عرب برٹش چیمبر آف کامرس نے حالیہ دنوں میں شمالی افریقی ممالک میں زلزلے اور سیلاب کے بعد مراکش اور لیبیا کے لیے امداد کی ہنگامی اپیل شروع کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق چیمبر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’دنیا صدمے میں ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں مراکش اور لیبیا میں دو تباہ کن قدرتی آفات آئی ہیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک، زخمی اور لاپتہ ہو گئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں ممالک کے پورے شہر تباہ ہو چکے ہیں اور ہزاروں خاندان بے گھر اور صدمے سے دوچار ہیں۔ دنیا بھر کے دوست ممالک کی مدد سے مقامی ہنگامی سروسز اس وقت جان بچانے اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
مراکش میں جمعے کی شب کوہ اطلس میں آنے والے زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 2900 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2500 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔
جمعے کی رات ملک کے وسط میں واقع صوبہ الحوز میں ریکٹر سکیل پر 6.8 کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
چیمبر نے مزید کہا کہ اس سے دور دراز دیہی دیہات تباہ ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔‘
مشرقی لیبیا میں اتوار کو طوفان ’ڈینیئل‘ کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
چیمبر کے بیان کے مطابق ’عرب برٹش چیمبر آف کامرس لیبیا اور مراکش کے عوام، ان تمام خاندانوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور ان تمام افراد کے ساتھ جو ان آفات سے متاثر ہوئے ہیں اپنی دِلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم مراکش اور لیبیا کے عوام کے بارے میں سب سے پہلے سوچ رہے ہیں کیونکہ وہ ان ناقابل تصوّر آفات سے نکلنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ اُس وقت تک کھڑے ہوں گے جب تک وہ اپنی کمیونٹیز کی تعمیرِ نو کے طویل عمل کا آغاز کریں۔‘
آفات سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے عطیات فراہم کرنے کی اپیلیں شروع ہو گئی ہیں۔

مراکش میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 2900 تک پہنچ گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

مراکش کے زلزلہ زدگان کی مدد کے خواہشمند افراد کے لیے مراکش کے مرکزی بینک کی جانب سے ایک خصوصی ہنگامی فنڈ کھولا گیا ہے۔
لیبیا کی امداد کے لیے چیمبر نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سے رابطہ کریں۔
دریں اثنا، بین الاقوامی انسانی فلاحی تنظیم پینی اپیل نے فوری طور پر دنیا بھر کے افراد، کاروباری اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مراکش میں زلزلے اور لیبیا میں سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے اکٹھے ہوں۔

شیئر: