پاکستان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو 3 برس کی سزا اور 93 ہزار ڈالر جرمانہ
پاکستان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو 3 برس کی سزا اور 93 ہزار ڈالر جرمانہ
ہفتہ 16 ستمبر 2023 16:12
رچرڈ اولسن نے غیرملکی حکومت کے لیے لابنگ کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا تھا (فائل فوٹو: اے پی)
پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تعینات رہنے والے سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو اخلاقی قوانین کی خلاف ورزی پر تین برس کی پروبیشن سزا سنائی گئی ہے۔
پروبیشن سزا کے تحت وہ جیل نہیں جائیں گے تاہم تین سال تک نگرانی میں رہیں گے اور اگر اس دوران وہ کوئی جرم کرتے ہیں تو انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 63 سالہ رچرڈ اولسن کو 93 ہزار 400 ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے ذاتی مفاد کے لیے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔
اولسن سنہ 2012 سے 2015 تک پاکستان میں امریکی سفیر رہے اور انہوں نے گذشتہ برس جون میں غلط بیان دینے اور غیرملکی حکومت کے لیے لابنگ کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا تھا۔
ان پر سنہ 2016 میں محکمہ خارجہ سے ریٹائر ہونے کے فوراً بعد امریکی پالیسی سازوں پر اثرانداز ہونے اور قطر کی حکومت کی مدد کرنے کا الزام تھا۔
واشنگٹن میں امریکی اٹارنی آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’امریکی قانون سینیئر حکام کو، جیسے مدعا علیہ، کسی بھی وفاقی ایجنسی کے سامنے غیرملکی حکومت کی نمائندگی کرنے یا اپنا عہدہ چھوڑنے کے بعد ایک برس تک امریکی حکومت پر اثرانداز ہونے کے ارادے سے کسی غیرملکی ادارے کی مدد یا مشورہ دینے سے منع کرتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مدعا علیہ نے ان غیرقانونی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جن میں ایک ریکارڈ شدہ انٹرویو کے دوران مجرمانہ ای میلز کو حذف کرنا اور ایف بی آئی سے جھوٹ بولنا شامل ہے۔‘
امریکی اٹارنی آفس کے مطابق رچرڈ اولسن نے پاکستان میں بطور سفیر اپنی تعیناتی کے دوران ایک پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت سے ذاتی فائدے حاصل کیے۔ عدالتی کاغذات میں اس کاروباری شخصیت کی شناخت ’پرسن 1‘ کے نام سے کی گئی ہے۔
اس کاروباری شخصیت نے رچرڈ اولسن کی اس وقت کی گرل فرینڈ کی نیویارک میں موجود کولمبیا یونیورسٹی کی فیس کی ادائیگی کے لیے 25 ہزار ڈالر ادا دیے، اور سفیر کی لندن میں ایک ملازمت کے انٹرویو کے لیے جہاز کی فرسٹ کلاس میں سفر کے لیے 18 ہزار ڈالر ادا کیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایک بڑا کام یہ تھا کہ مدعا علیہ نے پرسن 1 کی جانب سے کانگریس کے ارکان کو پاکستان اور مشرق وسطٰی کے ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے لابی کرنے پر اتفاق کیا۔‘
تاہم واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ’پرسن 1‘ عماد زبیری ہیں، جنہیں 2021 میں انتخابی مہم میں غیرقانونی شراکت اور دیگر جرائم کرنے پر 12 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔