انڈین نوعمر لڑکے نے لمبے بال رکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
سدکدیپ سنگھ نے کہا کہ ان کے خاندان کے کچھ افراد یہ جان کر حیران رہ گئے کہ ان کے بال اتنے لمبے ہو چکے ہیں (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)
آپ نے شاید لمبے بالوں والی لڑکیوں یا خواتین کو ریکارڈ بناتے تو دیکھا ہو، لیکن کیا کوئی لڑکا بھی لمبے بال رکھ کر ریکارڈ قائم کر سکتا ہے؟
انڈیا کی ریاست اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ لڑکے سدکدیپ سنگھ چاہل نے سب سے لمبے بالوں کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے بال کبھی نہیں کاٹے گئے تھے اور ان کی لمبائی 4 فٹ اور 9.5 انچ ہے۔
سدکدیپ سنگھ اپنے لمبے بالوں کو ہفتے میں دو بار دھوتے ہیں۔ ہر بار انہیں اپنے بالوں کو دھونے، خشک کرنے اور برش کرنے میں کم سے کم ایک گھنٹہ لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر میری ماں کی مدد نہ ہوتی تو پورا دن لگ جاتا۔‘
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق سدکدیپ سنگھ عام طور پر اپنے بالوں کو پگڑی سے ڈھانپتے ہیں، جیسا کہ سکھوں کا رواج ہے۔ ان کا خاندان اور ان کے بہت سے دوست سکھ ہیں، تاہم ان میں سے کسی کے بھی اتنے لمبے بال نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے کچھ افراد یہ جان کر حیران رہ گئے کہ ان کے بال اتنے لمبے ہو چکے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بتایا کہ جب سدکدیپ سنگھ نے اپنے رشتہ داروں کو بتایا کہ ان کے بالوں نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے تو ان میں سے کچھ کو یقین نہیں آیا۔
’انہوں نے سوچا کہ میں ان کے ساتھ مذاق کر رہا ہوں، اور انہیں قائل کرنے کے لیے تھوڑا سا ثبوت درکار تھا۔‘
بچپن میں سدکدیپ سنگھ جب اپنے گھر کے باہر بال خشک کر رہے ہوتے تھے تو ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے ان کے دوست کبھی کبھی انہیں چھیڑا کرتے تھے۔
سدکدیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’مجھے یہ پسند نہیں تھا کہ میرے بالوں کا مذاق اُڑایا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اب وہ اپنے لمبے بالوں کو اپنی شناخت کا حصہ سمجھتے ہیں۔