’دروازے کھُلے ہیں،‘ محمد عامر کی واپسی پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کا جواب
جمعہ 22 ستمبر 2023 15:26
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
محمد عامر ریٹائرمنٹ لینے سے قبل 36 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے کہا ہے کہ فاسٹ بولر کے لیے ’دروازے کھُلے ہیں۔‘
جمعے کو لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کے موقع پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ’سب کو پتا ہے کہ عامر بہت اچھا کرکٹر رہا ہے اور اُس نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔‘
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر وہ پاکستان سے کھیلنا چاہتا ہے تو ضرور، سب کے لیے دروازے کھُلے ہیں۔‘
چیف سلیکٹر نے محمد عامر سے متعلق سوال پر مزید کہا کہ ’آپ اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ آ کر کھیلیں۔ وہاں آپ پرفارمنس دیں گے، آپ پر ضرور غور کیا جائے گا۔‘
خیال رہے پچھلے کچھ ہفتوں سے میڈیا اور سوشل میڈٰیا پر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں۔
محمد عامر نے دسمبر 2020 میں 28 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا کیونکہ ان کے مُطابق اُس وقت کی ٹیم مینجمنٹ انہیں ’ذہنی اذیت‘ دے رہی تھی۔
محمد عامر کو 2011 میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد تین مہینے جیل میں بھی رہنا پڑا تھا اور ان پر پانچ سال کے لیے ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
محمد عامر ریٹائرمنٹ لینے سے قبل 36 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے تھے جس میں انہوں نے 119 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
فاسٹ بولر نے پاکستان کے لیے 61 ون ڈے میچوں میں 81 جبکہ 50 ٹی20 میچوں میں 59 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا سکواڈ: فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اُسامہ میر، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر اور حسن علی۔