Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمیں پاکستان میں بادشاہوں کی طرح رکھا گیا: صدر انڈین کرکٹ بورڈ

روجر بنی اور راجیو شکلا پی سی بی کی دعوت پر لاہور آئے تھے۔ (فوٹو: پی سی بی)
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر روجر بنی نے کہا ہے کہ اُن کے حالیہ دورہ پاکستان میں اُن کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی اور انہیں وہاں بادشاہوں کی طرح رکھا گیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر روجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا بدھ کو پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا پہنچے ہیں۔
انڈیا واپس پہنچنے پر راجیو شکلا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ دو روزہ اچھا دورہ تھا۔ گورنر نے ہمارے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مہمان نوازی بھی بہت اچھی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اُن (پی سی بی) کا مطالبہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کو بحال کیا جائے تاہم ہم نے کہا کہ اِس بات کا فیصلہ ہماری حکومت کرے گی اور ہم وہی کریں گے جو حکومت کہے گی۔ یہ دورہ کرکٹ کے لیے تھا اور اِس میں کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔‘
دوسری جانب بی سی سی آئی کے صدر روجر بنی کہتے ہیں کہ ’پاکستان جانا ایک شاندار تجربہ تھا۔ جیسے ہم نے 1984 میں پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، ویسی ہی  اس مرتبہ ہماری مہمان نوازی کی گئی۔ ہمیں وہاں بادشاہوں کی طرح رکھا گیا۔ ہم نے تمام پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔ جیسے انہیں ہمارے وہاں جانے کی بہت خوشی تھی اسی طرح ہم بھی وہاں خوش تھے۔‘

ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سپرفور مرحلے کا میچ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے روجر بنی اور راجیو شکلا جاری ایشیا کپ کے سلسلے میں پی سی بی کی دعوت پر پاکستان آئے تھے جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ رکھا گیا تھا جبکہ انہوں نے منگل کو افغانستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں کھیلا گیا میچ بھی دیکھا۔
دوسری جانب پاکستان اور انڈیا کے درمیان سپرفور مرحلے کا میچ 10 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
کولمبو میں موسم کی خرابی کے باعث میچز پاکستان یا ہمبنتوتا منتقل کرنے پر پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا جس کے بعد ایونٹ کے سپرفور مرحلے کے میچ اور فائنل کو کولبمو میں ہی کروایا جائے گا۔

شیئر: