Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر آپ ایسی لڑکی سے شادی کرتے۔۔،‘ بنگلہ دیشی کرکٹر نے پوسٹس پر معافی مانگ لی

بنگلہ دیشی آلراؤنڈر تنظیم حسن ثاقب نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو پچھلے ہفتے ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر تنظیم حسن ثاقب نے نے اپنی پُرانی ’خواتین مخالف‘ فیس بُک پوسٹ پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ سے معافی مانگ لی ہے۔
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر تنظیم حسن ثاقب نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو پچھلے ہفتے ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف کیا تھا جس میں انہوں نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں اور 32 رنز بنائے تھے۔
ان کی متاثر کُن کارکردگی کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر اُن کی ’خواتین مخالف‘ پُرانی فیس بُک پوسٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں۔
اپنی ستمبر 2022 کی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ملازمت پیشہ خواتین اپنی شوہر اور بچوں کو اجازت نہیں دیتیں کہ وہ اپنے مطابق زندگی گزار سکیں، وہ اپنی دلکشی کھو دیتی ہیں، خاندان کو، پردے کو اور معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں۔‘
رواں سال اپریل میں بھی 20 برس کے بنگلہ دیشی کھلاڑی نے 1954 کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں بُرقع پوش خاتون کو رکشے میں اپنی خاندان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ اس تصویر کو تنظیم حسن ثاقب نے ’سنہرا ماضی‘ قرار دیا تھا۔
ایک اور فیس بُک پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’اگر آپ ایسی لڑکی سے شادی کرتے ہیں جو یونیورسٹی میں ہر کسی سے گُھل مل جاتی ہے تو آپ اپنے بچوں کے لیے ایک باحیا ماں کا انتخاب نہیں کر رہے۔‘
بنگلہ دیشی کرکٹر کو ان پوسٹس کے وائرل ہونے کے بعد خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنان، صحافیوں اور لکھاریوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس حوالے سے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جلال یونس کا کہنا ہے کہ تنظیم حسن ثاقب کو اپنی متنازع پوسٹس پر ’پچھتاوا‘ ہے۔
منگل کو ایک پریس کانفرنس میں جلال یونس کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ آپریشنز کمیٹی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے تنظیم ثاقب سے بات کی ہے۔ میڈیا کمیٹی نے بھی اُن سے رابطہ کیا ہے اور ہم نے انہیں ان کی فیس بُک پوسٹس پر ہونے والی گفتگو پر بھی بات چیت کی ہے۔‘
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’تنظیم نے کہا کہ انہوں نے یہ فیس بُک پوسٹ کسی کو دُکھ پہنچانے کے لیے نہیں شیئر کی تھیں بلکہ اپنے لیے کی تھیں اور اس کا ہدف کوئی نہیں تھا۔‘
جلال یونس کے مطابق بنگلہ دیشی آل راؤنڈر نے اپنی پوسٹس پر معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ ’وہ عورت بیزار نہیں ہیں۔‘
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’ہم تنظیم حسن ثاقب کی نگرانی کر رہے ہیں اور اس معاملے پر اُن کے خاندان کو بھی تشوش ہے کیونکہ وہ اس صورتحال کی امید نہیں کر رہے تھے۔‘

شیئر: