اٹلی کے معروف ججوں سے سسلین مافیا نے کیسے انتقام لیا؟
اٹلی کے معروف ججوں سے سسلین مافیا نے کیسے انتقام لیا؟
اتوار 24 ستمبر 2023 5:26
1992 میں سسلین مافیا نے جج جیوانی فالکون کی زندگی کا خاتمہ کر دیا (فوٹو: اٹلی ان ہسٹری)
دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد متعدد معروف خاندانوں میں تنازعات کھڑے ہوگئے جن میں بونڈیٹ خاندان، انزیریلو اور بادالامینٹی شامل ہیں۔ یہ تنازع اطالوی جزیرے سسلی کی مافیا کی سربراہی حاصل کرنے کے لیے پیدا ہوا جو کوسا نوسٹرا کے نام سے معروف ہے۔
70 اور 80 کی دہائی میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ پیش آیا جس میں کورلین علاقے سے تعلق رکھنے والے مافیا نے علاقے پر اپنے تسلط کو مستحکم کرتے ہوئے وہاں پہلے راج کرنے والے خاندان کی جگہ لے لی جو وہاں برسوں سے اپنا رعب قائم کیے ہوئے تھا۔ نئے گروپ نے اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے قتل و غارت کا بازار گرم کر دیا۔
کوسا نوسٹرا کی سربراہی میں قاتلانہ کارروائیوں کا دائرہ بہت سے ججوں اور سکیورٹی اہلکاروں تک پھیل گیا جنہوں نے اس مافیا کے گرد اپنا گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی تھی۔ جج سیزر ٹیرانوا اوران کے ساتھی روکو چیسا کو ختم کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد سسلین مافیا نے جج جیوانی فالکون کے خلاف ایک منظم قاتلانہ کارروائی کی جو اس وقت اٹلی کی ایک ممتاز شخصیت مانے جاتے تھے۔
1979 میں مارے جانے والے ٹیرا نووا اور 1983 میں قتل ہونے والے کینیچی کی مافیا کے خلاف کارروائیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے جیوانی فالکون نے سسلین مافیا کے گرد اپنا شکنجہ مضبوط کرلیا تھا۔ جیوانی فالکون نے مافیا کے ارکان کے خلاف ایک بڑے مقدمے کی کارروائی کا آغاز کیا جنہیں بوشاہٹا کے اعترافی بیانات کی وجہ سے سزا سنائی گئی تھی۔
اسی عرصے میں سسلین مافیا سے قریبی تعلق رکھنے والے 475 افراد کے خلاف عدالتی کارروائی میں قید کی سزائیں سنائیں گئی تھیں۔ اسی دوران مختلف چھاپوں میں 350 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ٹوٹو رینا سمیت 119 دیگر مفروروں کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں کورٹ ٹرائل کا بھی آغاز کیا گیا تھا۔
مقدمات کی سماعتوں کے بعد 16 دسمبر 1987 میں اٹلی کی عدالت نے 360 افراد کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں قید کی سزا سنا دی جن میں سے 19 کو عمرقید جبکہ 114 کو بری کردیا گیا۔
مذکورہ بالا مقدمے کی وجہ سے سسلین مافیا جج جیوانی فالکن کی دشمن ہو گئی جس کا سربراہ ٹوٹو رینا تھا، جسے اس کی عدم موجودگی میں عمرقید کی سزا دی گئی تھی۔ اس فیصلے کا بدلہ لینے کے لیے سسلین مافیا نے جج جیوانی فالکون اوران کے ساتھیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
فالکون کا قتل
یہ 23 مئی 1992 کا دن تھا جب سسلین مافیا کے قاتلوں نے اپنے منصوبے پرعمل کرتے ہوئے جج جیوانی فالکون کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔
جج فالکون اٹلی میں مافیا کے خلاف فیصلے کرنے کی وجہ سے عوام میں ہیرو بن چکے تھے۔ مافیا کے ارکان نے اپنی قاتلانہ کارروائی کے لیے باقاعدہ منظم منصوبہ مرتب کیا تھا جس پرعمل کرتے ہوئے انہوں نے اپنے انتقام کی آگ بجھائی۔
پنٹا کے مرکزی ہوائی اڈے کو پالرمو سے ملانے والی شاہراہ کے نیچے نکاسی آب کے پائپوں میں سسلین مافیا نے 600 کلوگرام دھماکہ خیز مواد رکھ دیا۔ مافیا کے ارکان نے منصوبے پرعمل کرنے سے قبل جج کی روز مرہ کی روٹین کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی منصوبے کو حتمی شکل دی تھی۔
جج فالکون کا قافلہ جیسے ہی مذکورہ مقام سے گزرا وہاں پہلے سے موجود سسلین مافیا کے آدمی، جس کا نام جیوانی بروسکا تھا، نے ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبا دیا جس کے نتیجے میں 600 کلوگرام دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ اور جج فالکون اوران کی اہلیہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ 25 دیگر افراد کو مختلف نوعیت کے زخم آئے۔
فالکون کے جنازے میں بڑی تعداد میں اٹلی کے باشندوں نے شرکت کی جس میں اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر اٹلی کی پارلیمنٹ نے سرکاری سطح پر یوم سوگ کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں تمام سرکاری ٹی وی چینلز نے اپنے روٹین کے پروگراموں کو منسوخ کرتے ہوئے جج فالکون کے جنازے کے مناظر کو براہ راست کور کیا۔
کیپاچی قتل عام کے تقریباً 57 دن بعد سسلین مافیا نے جج پاولو بورسیلینو کو بھی قتل کردیا جو جج جیوانی فالکون کے سب سے قریبی ساتھی اور مافیا کے خلاف فیصلے میں ان کے ساتھ تھے۔