مفرور سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟
مفرور سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟
ہفتہ 11 مارچ 2023 7:04
مافیا کے تمام معاملات 30 سال سے میٹیو میسینا کی بہن چلا رہی تھیں۔ فوٹو: سٹریٹ ٹائمز
اٹلی کے شہر سسلی کی مافیا سے متعلق بہت سی کہانیاں مشہور ہیں اور ان کے طرز زندگی پر ہالی وڈ کی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔
ان فلموں میں مافیا فیملیز کی خواتین کو ایک مخصوص انداز میں دکھایا گیا ہے جس میں ان کا کردار صرف گھر کے معاملات چلانے تک محدود ہے اور بیوہ ہونا جن کی تقدیر میں لکھا جا چکا ہے۔
لیکن حال ہی میں سیسیلین مافیا ’کوسا نوسٹرا‘ کے ڈان میٹیو میسینا دینارو کی بہن روسالیا میسینا کی گرفتاری کے بعد ہونے والے انکشافات سے معلوام ہوتا ہے کہ حقیقت اس سے کئی گنا پیچیدہ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتہائی مطلوب مافیا ڈان میٹیو میسینا کی بہن کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اپنے مفرور بھائی کی غیر موجودگی میں مافیا کے تمام معاملات وہی چلا رہی تھیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں روسالیا کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 30 سالوں سے مفرور بھائی میٹیو میسینا کو پولیس 16 جنوری کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔
مافیا ڈان میٹیو میسینا کی غیر موجودگی میں تمام احکامات ان کی بہن جاری کرتی تھیں، مالی معاملات کو وہی دیکھ رہی تھیں اور بھائی کے لیے خفیہ پیغامات بھی ان کے ذریعے ہی پہنچائے جاتے تھے۔
روسالیا میسینا کے وارنٹ گرفتاری میں پراسیکیوٹر الفریڈو نے لکھا کہ کئی دہائیوں سے وہ اپنے بھائی کے تمام معاملات چلا رہی تھیں اور انہی کی وجہ سے کوسا نوسٹرا کو ایک مضبوط لیڈر ملا ہوا تھا۔
لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ روسالیا میسینا کی وجہ سے ہی اٹلی کے انتہائی مطلوب مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
دسمبر 2022 میں پولیس خفیہ طور پر روسالیا کے گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی، اس دوران جب پولیس مختلف جگہوں پر کیمرے اور مائیکرو فون نصب کر رہی تھی تو کرسی کے خفیہ کونے میں سے ایک کاغذ ملا جو دراصل ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام تھا۔
اس پیغام میں کینسر کے مرض میں مبتلا ایک شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے ہدایات موجود تھیں۔ یہ پیغام پڑھنے کے بعد پولیس کو یقین تھا کہ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ مافیا ڈان ہے جس کے بعد آپریشن لانچ کیا گیا اور ایک ماہ بعد ہی میٹیو میسینا کو ایک ہیلتھ سینٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔
سنہ 1992 میں میٹیو میسینا نے مافیا مخالف جج جیووانی فیلکون کو قتل کرنے کے احکامات ایک پیغام کے ذریعے جاری کیے تھے اور ساتھ ہی واضح ہدایت دی تھی کہ پڑھنے کے بعد فوری جلا دیا جائے۔ لیکن ان کی بہن کبھی کبھی ہاتھ سے لکھے ہوئے یہ پیغامات محفوظ کر لیتی تھیں جو بعد میں مافیا ڈان کی گرفتاری کا سبب بنے۔
روسالیا جس نے اپنی نصف زندگی بھائی کو چھپانے میں گزار دی لیکن آخر میں غیردانستہ طور پر دھوکہ دے دیا۔