اداکارہ پرینیتی چوپڑا شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
پرینیتی چوپڑا اور سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے صدر راگھوو چڈھا کی منگنی رواں برس مئی میں ہوئی تھ۔ (فوٹو: پرینیتی چوپڑا انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
پرینیتی چوپڑا کی شادی سیاست دان راگھوو چڈھا سے ریاست راجستھان کے شہر اُدے پور میں ہوئی ہے۔
پرینیتی چوپڑا نے پیر کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر اپلوڈ کیں۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’ناشتے کی میز پر پہلی ملاقات سے ہمارے دِلوں کو اس بات کی خبر ہوگئی تھی۔ اس دن کے لیے بہت دیر سے انتظار کر رہے تھے۔ مسٹر اور مسز بننے پر بہت خوش ہیں۔ ایک دوسرے کے بغیر کبھی نہ رہ سکتے۔ ہمیشہ کا سفر آج سے شروع ہوگیا۔‘
اگر پرینیتی چوپڑا کی انسٹاگرام پوسٹ میں اپلوڈ ہونے والی تصاویر کو دیکھا جائے تو وہ پہلی تصویر میں اپنے شوہر راگھوو چڈھا کا ہاتھ تھامے شادی کی تقریب میں شریک ہو رہی ہیں۔
اسی طرح دوسری تصویر میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ شادی کے پھیرے (مذہبی تقریب) لے رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی شادی کے موقع پر معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کا ڈیزائن کیا ہوا کریم رنگ کا لہنگا پہنا۔
اس جوڑے کی شادی کی تقریب اُدے پور میں واقع دی لِیلا پیلس میں ہوئی جس میں نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروِند کیجری وال اور پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب پرینیتی چوپڑا کی شادی کے استقبالیہ کی تقریب 30 ستمبر کو چندی گڑھ میں ہوگی۔