Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باہمت سعودیوں کا پیدل سفر کو فروغ دینے کا عزم

ہمارا پیغام ہے کہ خود کو تھکائیں نہیں، بس باقاعدگی سے ورزش کریں۔ فوٹو عرب نیوز
عمر رسیدہ سعودی مسافروں کا ایک گروپ کھیلوں کی ترقی  اور پیدل سفر کے فروغ کے لیے خاص مشن پر ہے اور ان کا خیال ہے کہ بیماریوں سے بچنے کے لیے ہر ایک کو باقاعدگی سے جسمانی ورزش کرنی چاہئے۔
عرب نیوز کے مطابق پیدل سفر کرنے والے ان دس باہمت افراد کی عمریں 61 سے 79 سال کے درمیان ہیں اور خاص طور پر وہ عام تعطیلات اور پھر سال بھر اپنا پیدل مارچ جاری رکھتے ہیں۔
ساؤتھرن ٹریولرز لانگ ڈسٹنس ٹیم کے بانی اراکین میں سے ایک عبدالرحمن البانی کا کہنا ہے کہ انسان کو اپنا دل مضبوط اور اچھی صحت قائم رکھنے کے لیے ورزش کی باقاعدگی کے ساتھ ساتھ پیدل سفر کرنا انتہائی ضروری ہے۔
گروپ لیڈر نے بتایا کہ ساؤتھرن ٹریولرز ٹیم 88 ویں سعودی قومی دن کے موقع پر قائم کی گئی اور اس وقت ہم نے مملکت کے جنوبی علاقے بالجرشی سے ابھا تک  کا پیدل سفر کیا۔
بعدازاں 89 ویں قومی دن کے موقع پر ہمارے گروپ نے ابھا سے الباحہ اور اگلے سال الباحہ سے ابھا تک  کا طویل فاصلہ طے کیا۔
باہمت افراد کا یہ گروپ سعودی عرب کے 91ویں قومی دن کے موقع پر ابھا سے جنوب کی طرف دھران تک کامیاب پیدل سفر پر روانہ ہوا۔
البانی نے بتایا کہ 92 ویں قومی دن پر ہم نے ایک ایسے راستے پر سفر کا عزم کیا جسے ہم 'قیام اور شمام' کہتے ہیں، 242 کلومیٹر اس سفر کی راہداریاں یورپی ممالک سے میل کھاتی ہیں۔ 
قیام اور شمام کی خاص بات یہ ہےکہ راستے میں قدیم دیہات سے منسلک عجائب گھر کے علاوہ عسیر ریجن کے خوبصورت پارک، پہاڑ اور وادیاں اور دیگر سیاحتی مقامات موجود ہیں۔

دن میں کم ازکم آدھا گھنٹہ پیدل چلیں اور صحت کے تفکرات سے محفوظ رہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

عبدالرحمن البانی نے وضاحت کی کہ ہماری ٹیم نے مملکت کے یوم تاسیس کے موقع پر بھی پیدل سفر کے عزم کو دہرایا۔
دوسال قبل انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پرالباحہ ریجن سے مکہ مکرمہ تک پیدل سفر کرتے ہوئے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک ہجرت کے راستے پر اپنا سفر مکمل کیا۔ 
یوم تاسیس پر پیدل ٹیم نے مملکت کے جنوب میں جازان گورنریٹ سے باحہ ریجن تک ایک اور لمبا سفر طے کیا جو تقریبا 420 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔
گروپ لیڈر نے مزید بتایا ہے کہ فی الحال ہم دس ساتھی ہیں اور مملکت میں مختلف تقریبات کے موقع پر کھلیوں کی سرگرمیوں کے فروغ  کے لیے ہماری ٹیم تمام علاقوں کا دورہ کر کے مثال قائم کرنا چاہتی ہے۔
عبدالرحمان البانی نے بتایا کہ ہماری پیدل ٹیم ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو گئی ہے اور ہم سعودی عرب کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے قومی اور سماجی پیغام لے کر جاتے ہیں۔

ٹیم نے ایک دن میں21 کلومیٹر کا السعدہ پہاڑی راستہ طے کیا۔ فوٹو سعودی گزٹ

سعودی وزارت صحت ذیابیطس،کولیسٹرول اور دل کی متعدد بیماریوں کے علاج کے لیے کثیر سرمایہ خرچ کرتی ہے اور اگر ایک دن میں کم از کم آدھا گھنٹہ پیدل چلا جائے تو صحت کے تفکرات سے محفوظ رہا جا سکتاہے۔
جب مملکت کے مختلف شہروں، پارکوں اور دیہات میں پیدل سفر کرتے ہیں تو علاقے کے نوجوانوں اور بوڑھوں کے لیے بہترین رول ماڈل بننے کی ہماری خواہش ہوتی ہے۔
باہمت البانی نے بتایا کہ رواں ہفتے صرف ایک دن میں ٹیم نے السعدہ پہاڑوں میں 21 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، یہ پہاڑ سطح سمندر سے 2400 میٹر بلند ہیں۔
ہمارے پاس چہل قدمی اور پیدل سفر کا وسیع تجربہ ہے۔ ہم پروفیشنل ہو گئے ہیں اور ہمارا سب کے لیے پیغام ہے کہ خود کو تھکائیں نہیں، بس باقاعدگی سے ورزش کریں۔
 

شیئر: