Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری 55 دن مسلسل پیدل سفر کر کے قطر پہنچ گیا

عبداللہ السلمی سعودی عرب، آسٹریلیا اور کینیڈا میں پیدل سفر کے بہت سے تجربات کر چکے ہیں (فوٹو: عبداللہ السلمی)
ایک سعودی شہری فیفا ورلڈکپ 2022 کے قطر میں ہونے والے میچز دیکھنے کے لیے 55 دن مسلسل پیدل سفر کر کے اپنی منزل پر پہنچ گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کو عبداللہ السلمی نے بتایا کہ وہ سعودی عرب سے 1600 کلومیٹر سے زیادہ مسافت طے کر کے قطر پہنچے ہیں۔

اس کامیابی پر خوش ہوں
 

عبداللہ السلمی نے مزید کہا کہ سخت موسمی حالات، صحرائی گزرگاہوں اور سفر میں درپیش دیگر مشکلات کے باوجود وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔
 

عبداللہ السلمی سعودی عرب سے 1600 کلومیٹر سے زیادہ مسافت طے کر کے قطر پہنچے ہیں (فوٹو: عبداللہ السلمی)

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس سفر کے بارے میں بہت پہلے سے تیاری شروع کر دی تھی جس کا مقصد ورلڈ کپ کے میچوں میں شرکت کرنا تھا۔

ان کے بقول ’اس سفر کا ایک اور مقصد پیدل سفر کرنے کی صلاحیت اور اپنی قوت برداشت اور قوت ارادی کو ثابت کرنا تھا۔

کوشش، صبر اور استقامت

عبداللہ السلمی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اور حفاظتی ذرائع اختیار کیے۔

ان کے پاس ایک ٹریکنگ ڈیوائس بھی ہے جو ان کے بھائی اور چند دوستوں کے موبائل فون سے منسلک ہے تاکہ وہ ان کی سفر کی تفصیلات سے آگاہ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سب لوگوں کی طرف سے اس قدر زیادہ حوصلہ افزائی کی توقع نہیں تھی۔


عبداللہ السلمی نے کہا کہ ’سفر کے لیے بڑی محنت اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے (فوٹو:عبداللہ السلمی)

انہوں نے کہا کہ ’سفر کے لیے بڑی محنت اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے بالخصوص جب مسافر گہری وادیوں اور صحرائی گزرگاہوں کو عبور کرتے ہیں۔

عبداللہ السلمی نے بتایا کہ وہ ایسے سفر کو پسند کرتے ہیں اور اس کے ذریعے نئی نئی چیزوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل بھی سعودی عرب، آسٹریلیا اور کینیڈا میں پیدل سفر کے بہت سے تجربات کر چکے ہیں۔

شیئر: