Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی اور عرب لیگ کی جانب سے بحرینی فوجیوں پر حملے کی مذمت

اشتعال انگیز کارروائیاں سفارتی کوششوں سے مطابقت نہیں رکھتیں (فوٹو: بحرینی نیوز ایجنسی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب ممالک نے یمن کے ساتھ سعودی عرب کی سرحد کے قریب ہونے والے حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں بحرین کے دو فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ 
او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین طہ نے  بیان میں کہا کہ ’اس قسم کی اشتعال انگیز کارروائیاں یمن میں بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے  والی سفارتی کوششوں سے مطابقت نہیں رکھتیں‘۔ 
 انہو ں نے حوثیوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے بحرینی فوج کے فوجیوں کے اہل خانہ ، بحرینی حکومت و عوام سے  اظہار تعزیت کیا۔ 
 عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے بیان میں جنگ بندی اور یمن کی آئینی حکومت کی جانب سے اس کی پابندی کے باوجود حوثیوں کے مسلسل حملوں کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’یمنی عوام کے مصائب جاری رہنے کی تمام تر ذمہ داری حوثیوں پرعائد ہوتی ہے جو امن کی ہر اپیل کو مسترد کردیتے ہیں۔ تخریب کاری اور تشدد کے راستے پر مسلسل چل رہے ہیں‘۔ 
مصر نے دہشت گردی کی ہر شکل کا مقابلہ کرنے کےلیے مربوط علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں اور ایسے طریقسوں کو ختم کرنے پر زور دیا جن کا مقصد برادرعرب ملکوں کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ نے بیان میں حوثیوں کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’ مصر بحرین، اس کی قیادت، عوام اور اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا گو ہے‘۔
یاد رہے کہ پیر کی رات بحرینی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ’ جنگ زدہ یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر حوثیوں کے ایک ڈرون حملے میں ایک بحرینی افسر اور سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بحرینی فوج کا کہنا  تھا کہ’ ہلاک ہونے والے اہلکار سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر تعینات تھے جو یمن میں قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کا حصہ تھے۔ 
’ پیر کی علی الصباح ہونے والے اس حملے میں متعدد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں‘۔
بیان م کے مطابق ’ یمن میں جنگ کے فریقین کے درمیان فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے باوجود حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات بحرینی فوج کے ٹھکانوں پر ڈرون کے ذریعے یہ دہشت گردانہ کارروائی کی ہے‘۔
’فوجیوں کی میتوں اور زخمیوں کی بحرین منتقلی کے لیے طبی عملے کے ساتھ ایک  طیارہ بھیج دیا گیا ہے‘۔  

شیئر: