Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب تک ٹائیگر مرا نہیں، تب تک ٹائیگر ہارا نہیں‘ سلمان خان کی نئی فلم

ٹائیگر تھری کا ٹیزر بدھ کو یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر ریلیز کیا گیا ہے جس میں سلمان خان خوب ایکشن کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ (فوٹو: یوٹویب سکرین گریب)
بالی وُڈ کے دبنگ ایکشن ہیرو سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
ٹائیگر تھری کا ٹیزر بدھ کو یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر ریلیز کیا گیا ہے جس میں سلمان خان خوب ایکشن کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’اک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ریلیز ہونے والے اُس کے سیکوئل ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے بعد ٹائیگر سیریز کی تیسری فلم ہے۔
اگر ٹیزر کی بات کی جائے تو اُس میں سلمان خان عوام سے براہ براست مخاطب ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹیزر کے مطابق ٹائیگر (سلمان خان) پر غداری اور ملک دشمنی کا الزام لگ جاتا ہے جس کے بعد وہ انڈیا سے حب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ 
ٹائیگر تھری یش راج فلمز (وائی آر ایف) کے سپائی یونیورس کی کڑی کی فلم ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں سلمان خان کے علاوہ کترینہ کیف اور عمران ہاشمی شامل ہیں۔
اس فلم کی ہدایتکاری منیش شرما نے کی ہے جبکہ اس کے پروڈیوسر وائی آر ایف کے مالک ادتیہ چوپڑا ہیں۔
 
یہ فلم 10 نومبر کو دیوالی کے تہوار کے موقع پر انڈیا سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ٹائیگر تھری کے ٹیزر میں کترینہ کیف اور عمران ہاشمی کو نہیں دکھایا گیا۔
عمران ہاشمی اِس فلم میں وِلن کا کردار نبھائیں گے جبکہ کترینہ کیف سلمان خان کے ساتھ  ’زویا‘ کا کردار نبھاتی دکھائی دیں گی۔
دوسری جانب سلمان خان اور کترینہ کیف 2019 کے بعد پہلی مرتبہ بڑے پردے پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
آخری مرتبہ بالی وُڈ کی یہ مشہور آن سکرین جوڑی 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم  ’بھارت‘ میں ایک ساتھ نظر آئی تھی۔
اگر یش راج فلمز کے ’یونیورس‘ کی بات کی جائے تو اس میں ٹائیگر سیریز کے علاوہ شاہ رخ خان کی آل ٹائم بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ اور ریتک روشن کی سپرہٹ فلم ’وار‘ شامل ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ٹائیگر تھری میں سلمان خان کے ساتھ شاہ رخ خان بطور ’پٹھان‘ کیمیو رول کریں گے۔
خیال رہے ’پٹھان‘ میں سلمان خان نے بطور ’ٹائیگر‘ کیمیو رول ادا کیا تھا۔

شیئر: