بہو کا نہیں، بچے کا ارادہ تھا لیکن قانون میں اس کی اجازت نہیں: سلمان خان
اتوار 30 اپریل 2023 15:56
سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ باکس آفس پر کامیابی سمیٹنے میں ناکام رہی ہے۔
بالی وُڈ کے سپر سٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا بچہ پالنے کا ارادہ تھا لیکن انڈیا کے قانون کے مطابق وہ ایسا نہیں کر سکتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان نے مشہور ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں کہا کہ انہوں نے ایک مرتبہ بچہ پالنے کا ارادہ کیا تھا لیکن انڈیا کے قانون کے باعث وہ یہ نہ کر سکے۔
شو کے میزبان اور اینکر رجت شرما نے جب سلمان خان سے شادی کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’ابھی کیا بولوں، وہ تو پلان تھا، لیکن بہو لانے کا نہیں بچے کا تھا، لیکن اب قانون کے مطابق انڈیا میں تو ہو نہیں سکتا، تو اب دیکھیں گے کہ کیا کریں۔‘
بالی وُڈ کے ہدایتکار کرن جوہر کی جانب سے دو بچوں کو پالنے کے بارے میں ’بھائی جان‘ بولے کہ ’وہی کوشش میں کر رہا تھا لیکن وہ شاید قانون تبدیل ہو گیا ہے۔ تو اب دیکھیں گے، بچوں کا بڑا شوق ہے مجھے، مجھے بچوں سے پیار ہے۔ لیکن بچے جب آتے ہیں تو ماں بھی آتی ہے۔ ماں اُن کے لیے بہت اچھی ہے لیکن ہمارے گھر میں ماں ہی ماں پڑی ہیں سَر، ہمارے پاس پورا ضلع ہے، پورا گاؤں ہے، وہ ان کا خیال رکھ لیں گی۔‘
انہوں نے شادی کے ارادے پر ایک مرتبہ پھر سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’لیکن ان کی والدہ، جو حقیقی والدہ ہو گی، وہ میری اہلیہ ہوگی۔‘
اسی انٹرویو کے دوران جب ان سے کسی کو ڈیٹ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ بولے ’آج کل تو بھائی ہی ہوں سَر، جن کو چاہتا تھا مجھے جان بلائے، وہ تو آج کل بھائی بلا رہی ہیں۔‘
سلمان خان کی رواں ماہ عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
فرہاد سمجی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے، شہناز گِل، پلک تیواڑی، سدھارتھ نِگم اور وینکاٹیش دَگوبتی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
دوسری جانب مداح سلمان خان کو رواں برس کترینہ کیف کے ساتھ مشہور سپائی تھرلر فرنچائز ’ٹائیگر‘ کی تیسری فلم ’ٹائیگر 3‘ میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
یہ فلم دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔