سعودی وفد کی لندن میں انٹرنیشنل پبلک پراسیکیوٹرز کانفرنس میں شرکت
سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے برطانوی پبلک پراسیکیوٹر اور دیگر حکام سے ملاقات کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پراسیکوٹرز کی سالانہ کانفرنس میں سعودی وفد کی سربراہی کی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کانفرنس برطانوی دارالحکومت لندن میں ’21 ویں صدی میں جرائم کی بدلتی نوعیت ... چیلنجز اور ردعمل‘ کے عنوان سے 24 سے 27 ستمبر تک منعقد کی گئی۔
چار روزہ کانفرنس میں دنیا بھر کے ممالک سے پبلک پراسیکیوشن کے وفود کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں اور سوسائٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکا نے سمندر پار جرائم ، دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کے جرائم کے انسداد کے طریقہ کار پر مباحثے میں حصہ لیا۔
تحویل مجرمین کی درخواستوں، معلومات کے تبادلے اور قانونی معاونت کی کارروائی جیسے موضوعات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب نے برطانوی پبلک پراسیکیوٹر، انگلینڈ اور ویلز پبلک پراسیکیوشن کے ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے موضوعات خصوصا عدالتی تعاون کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
شیخ سعود المعجب نے پبلک پراسیکیوشن کے متعدد عہدیداروں سے ملاقاتوں میں عدالتی عمل کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ تعاون کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
عدالتی کارروائی کی ڈیجٹیلائزیشن کے شعبے میں مثالی طریقوں اور پبلک پراسیکیوشن کی فوجداری عدالتی کارروائی کے سلسلے میں سعودی عرب کے مثالی کردار کو اجاگر کیا۔
سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے برطانوی وزیر مملکت برائے امور مشرق وسطی و شمالی افریقہ و جنوبی ایشیا و اقوام متحدہ لارڈ طارق احمد سے بھی ملاقات کی۔
سعودی عرب اور برطانیہ کے تعلقات کا جائزہاور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی گئی۔