ہالینڈ: روٹرڈیم شہر میں دو مقامات پر فائرنگ، دو افراد ہلاک
جمعرات 28 ستمبر 2023 19:35
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کی عمر 32 سال ہے (فوٹو: ای پی اے)
ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں پولیس کے مطابق فائرنگ کے دو واقعات میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس ایک مسلح شخص نے ایک رہائشی علاقے میں ایک فلیٹ پر اور پھر قریب ہی واقع ایک میڈیکل سینٹر میں فائرنگ کی۔ دونوں مقامات پر آگ بھڑگ اٹھی جس پر قابو پا لیا گیا۔
روٹرڈیم پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پرایک پیغام جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ ’فائرنگ کے دو واقعات میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہم پہلے ہلاک ہونے والوں کے خاندان اور رشتے داروں کو مطلع کریں گے اور اس کے بعد مزید تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ایلیٹ پولیس کے اہلکار ہسپتال میں داخل ہو گئے جہاں ہینڈ گن سے مسلح مشتبہ شخص کو تلاش کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی عمر 32 سال ہے اور تاحال اس حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ایک ہی تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں لوگوں کو ہسپتال سے باہر چیخ و پکار کرتے ہوئے جاتے دیکھا جا سکتا ہے جن میں مریض اور طبی عملہ شامل ہے، اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے جبکہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ روٹرڈیم میں اکثر منشیات فروش گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
حکام کی جانب سے اس بارے میں جلد مزید تفصیل کی فراہمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
سنہ 2019 میں یوتریخت شہر میں ایک ٹرایم میں تین افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ 2011 میں ایک 24 سالہ شخص ٹریسٹن وین ڈر ولس نے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ سے چھ افراد کو ہلاک اور دس کو زخمی کیا تھا۔