دوست کی فائرنگ سے دولہا شادی کی رات ہلاک
جمعرات 31 اگست 2023 11:55
’ہوائی فائرنگ سے دولہا کو گولی لگی اور وہ فوری طور پر ہلاک ہوگیا‘ ( فوٹو: سبق)
اردن کے شہر معان میں شادی کی تقریب کے دوران دولہا گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مقامی روایات کے مطابق شادی کی رات دولہا کو نہلایا جاتا ہے اور اس تقریب میں اعزہ اور دوست احباب ہوائی فائرنگ کرتے ہیں۔
ایسے میں دولہا کے دوست کی ہوائی فائرنگ سے دولہا حمزہ سطام الفناسطہ کو گولی لگی اور وہ فوری طور پر ہلاک ہوگیا۔
اردن کی پولیس انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’20 سال کے نوجوان کو اس وقت ہسپتال لے جایا گیا جب وہ شادی کی تقریب کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہو گیا‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’گولی چلانے والے کو گرفتار کرکے آلہ قتل ضبط کر لیا گیا ہے‘۔
دولہے کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مذکورہ شہر کے تمام نوجوان جن کی شادیاں آئندہ دنوں میں ہونے والی تھیں، انہوں شادی کی تقریبات ملتوی کردی ہیں۔